مشیر امور کشمیر و گلگت بلتستان قمر زمان کائرہ کا کہنا ہے کہ حکومت سیلاب متاثرین کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑی ہے۔ تفصیلات کے مطابق قمر زمان کائرہ نے میڈیا سے گفتگو کی جس میں ان کا کہنا تھا کہ پورے پاکستان میں سیلابی صورت حال ہے، سیلابی صورت حال کے پہلے دن سے ہی حکومت عوام کے ساتھ ان کی مدد کیلئے حاضر ہے،وزیر اعظم شہباز شریف پاکستان کے کونے کونے پہنچ کر عوام کی خبر گیری کر رہے ہیں۔ مشیر امور کشمیر و گلگت بلتستان کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم شہباز شریف نے گلگت بلتستان کا خصوصی دورہ بھی کیا ہے جبکہ وزیر اعظم نے بوبر گاؤں میں جا ں بحق ہونے والے افراد کے لواحقین سے 24 گھنٹے کے اندر اندر معاوضہ دینے کا وعدہ بھی کیا ہے، وزیر اعظم کا وعدہ پورا کرنے کے لئے میں آپ کے سامنے حاضر ہوں۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت سیلاب متاثرین کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑی ہے، جب تک تمام متاثرین اپنے گھروں تک منتقل نہیں ہوتے ہیں تب تک ہم چین سے نہیں بیٹھیں گے اور سیلاب متاثرین کی ہر ممکن مدد کی جائے گی۔ قمر زمان کائرہ نے مزید کہا کہ ہمارا مقصد تو عوام کی خدمت کرنا ہے جبکہ سیلاب سے متاثرہ افراد کی خدمت کرنا عبادت ہے، صوبے میں ہماری حکومت ہو یا پھر نا ہو لوگ ہمارے ہیں اور ہم نے اپنے عوام کے ساتھ جینا مرنا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ وزیر اعظم پاکستان شہباز شریف نے تمام صوبوں کے وزیر اعلی کو سیلاب کے حوالے سے اجلاس میں شرکت کی دعوت دی ہے اور یہ افسوس کی بات ہے کہ اس اہم اجلاس میں کے پی کے اور جی بی کے وزیر اعلی نے شرکت نہیں کی، اس طرح کے حالات میں پارٹی بازی نہیں کرنا چاہیے، ہمارے سامنے صرف اور صرف سیلاب متاثرین ہیں، وفاقی حکومت نے سیلاب سے متاثرہ لوگوں کا سروے گلگت بلتستان سے شروع کیا جبکہ ضلع غذر کے 6پلوں کو تعمیر کرنے کے لئے وزیر اعظم نے خصوصی ہدایت کی ہے، این ایچ اے کی ٹیکنکل ٹیم پہنچ گئی ہے اور بہت جلد پلوں کی تعمیر کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ سیلابی پانی کے چینلز کو ٹھیک کرنے کے لئے ڈپٹی کمشنرز کو ہدایات دی جا چکی ہیں اور سروے کے مطابق متاثرین کو معاوضہ بھی دیا جائے گا۔ مشیر امور کشمیر و گلگت بلتستان قمر زمان کائرہ نے مزید کہا کہ وزیر اعظم پاکستان نے گلگت بلتستان کی تعمیر و ترقی کیلئے 3ارب روپے کا اعلان کیا ہے جبکہ ضرورت پیش آنے پر مزید فنڈز بھی دیئے جائیں گے۔