اسرائیل غزہ میں فلسطینیوں کی نسل کشی میں مصروف ہے، وزیر اعظم کا جنرل اسمبلی سے خطاب

اسرائیل غزہ میں فلسطینیوں کی نسل کشی میں مصروف ہے، وزیر اعظم کا جنرل اسمبلی سے خطاب

(ویب ڈیسک )  وزیر اعظم شہباز شریف نے جنرل اسمبلی سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اسرائیل غزہ میں   فلسطینیوں کی نسل کشی میں مصروف ہے۔

وزیر اعظم شہباز شریف نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا  کہ  کی جنرل اسمبلی سے دوسری بار بطور وزیراعظم  خطاب اعزاز کی بات ہے۔قائد اعظم محمد علی جناح کے فرمان کے مطابق دنیا مین امن کیلئے پر عزم ہیں۔پاکستان اقوام متحدہ کے چارٹر پر عمل درآمد کیلئے پرعزم ہے۔

وزیر اعظم نے کہا کہ اسرائیل غزہ میں فلسطینیوں کی نسل کشی میں مصروف ہے،اسرائیلی بربریت سے دنیا کے امن کو خطرہ ہے،پاکستانی عوام کے دل فلسطینی بھائیوں کے ساتھ دھڑکتے ہیں۔ فلسطینیوں پر مظالم اور بربریت کی بھرپور مذمت کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ فلسطینیوں کے گھر ملبے کے ڈھیر بن گئے دنیا آنکھیں کیسے بند رکھ سکتی ہے، غزہ میں معصوم فلسطینیوں کا منظم  طریقے سے قتل عام کیا جا رہا ہے۔ فلسطینیوں پر مظالم نظر انداز کرنیوالے کیا انسان کہلانے کے قابل ہیں؟،معصوم فلسطینی بچوں، خواتین کا خون کبھی رائیگاں نہیں جائیگا۔ غزہ میں بچوں کے زندہ درگور ہونے پر دنیا کب تک خاموش رہے گی۔

وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا کہ مسئلہ فلسطین کا واحد حل دو ریاستی فارمولے میں ہے۔ فلسطینی ریاست قائم کی جائے جس کا دارالحکومت بیت المقدس ہو۔دو ریاستی فارمولے کے تحت فلسطین میں خاک و خون کا کھیل بند کیا جائے۔فلسیطن کو فوری اقوام متحدہ کا ممبر تسلیم کیا جائے۔انہوں نے کہا کہ عالمی برادری کو پائیدار امن کیلئے کردار ادا کرنا پڑے گا۔

شہباز شریف نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں 9 لاکھ بھارتی فوجیوں نے ظلم کا بازار گرم کر رکھا ہے۔مسئلہ کشمیر بھی سلامتی کونسل کے ایجنڈے پر موجود ہے۔کشمیریوں سے حق خود ارادیت کا وعدہ کیا گیا تھا۔

انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارت کی انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں جاری ہیں۔بھارت 5 اگست 2019 کو کئے گئے یکطرفہ اقدامات فوری واپس لے۔جموں و کشمیر کے مظلوم عوام ایک صدی سے اپنا حق مانگ رہے ہیں۔ مقبوضہ کشمیر میں آبادی کا تناسب تبدیل کرنے کی مذموم کوششیں ہو رہی ہیں، غیر مقامی افراد کو کشمیر میں آباد کیا جا رہا ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ  بھارتی جبر کے باوجود کشمیر کے عوام برہان وانی کے نظریئے کو آگے بڑھا رہے ہیں، بھارت کے جارحانہ عزائم سے خطے کے امن کو خطرات ہیں، بدقسمتی سے پاکستان کی مثبت تجاویز کا بھارت نے جواب نہیں دیا،پاکستان کسی بھی بھارتی جارحیت کا منہ توڑ جواب دے گا۔

شہباز شریف نے  کہا کہ  موسمیاتی تبدیلیاں عالمی سطح پر اہم چیلنج ہیں، دو سال قبل تباہ کن سیلاب سے پاکستان میں تیس ارب ڈالر کا نقصان ہوا، عالمی شراکت داروں کے ساتھ مل کر پائیدار ترقیاتی اہداف کے حصول کیلئے پرعزم ہیں،  سو سے زائد ترقی پذیر ملک قرضوں کے چنگل میں ہیں، عالمی مالیاتی نظام میں اصلاحات ناگزیر ہیں۔

انہوں نے کہا کہ  موثر پالیسیوں کی بدولت پاکستان کی معیشت بہتری کی جانب گامزن ہے،  معاشی اشاریئے بہتر اور مہنگائی میں کمی ہوئی ہے، بحرانی صورتحال میں معیشت سنبھالی، آج ترقی کی راہ پر گامزن ہیں، درپیش چیلنجز کو مواقع میں تبدیل کرنا ہماری ترجیح ہے،اقتصادی راہداری کے دوسرے مرحلے پر کام جاری ہے۔

وزیر اعظم نے کہا کہ   پاکستان عالمی امن و استحکام کے لیے ہر ممکن تعاون فراہم کرتا رہے گا۔ ہم اقوام متحدہ کے امن مشن کا ایک کلیدی حصہ ہیں اور ہم ہمیشہ تنازعات کے پُرامن حل کے لیے کوشاں رہیں گے۔انہوں نے کہا کہ ہم دہشت گردی کے خلاف جنگ میں عالمی برادری کے ساتھ کھڑے ہیں۔ پاکستان نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں بھاری قیمت چکائی ہے، اور ہم دہشت گردی کے خاتمے کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھیں گے۔

Watch Live Public News