محکمہ موسمیات کی ملک بھر میں مزید طوفانی بارشوں کی پیشگوئی

محکمہ موسمیات کی ملک بھر میں مزید طوفانی بارشوں کی پیشگوئی
کیپشن: محکمہ موسمیات کی ملک بھر میں مزید طوفانی بارشوں کی پیشگوئی

ویب ڈیسک: محکمہ موسمیات نے آج ملک بھر میں گرج چمک کے ساتھ موسلادھار بارش کی پیشگوئی کردی جبکہ کراچی میں آج ہلکی سے درمیانی شدت کی بارش متوقع ہے۔

تفصیلات کے مطابق محکمہ موسمیات نے سندھ کے دارالحکومت کراچی میں آج ہلکی سے درمیانی شدت کی بارش کی پیشگوئی کی ہے۔

 چیف میٹرولوجسٹ سردار سرفراز کا کہنا ہے کہ کراچی میں آج صرف ہلکی سے درمیانی شدت کی بارش کا امکان ہے جبکہ مضافاتی علاقوں میں تیز بارش ہو سکتی ہے جبکہ زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 34 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کا امکان ہے۔

سردار سرفراز کے مطابق آئندہ دنوں میں کراچی کا موسم گرم رہنے کا امکان ہے، ستمبر میں درجہ حرارت میں ایک ڈگری اضافہ ہوتا ہے جبکہ ستمبر کا اوسط درجہ حرارت 33.5 ڈگری سینٹی گریڈ ہوتا ہے۔

اسلام آباد
محکمہ موسمیات کے مطابق اسلام آباد اور گردونواح میں موسم گرم اور خشک جبکہ مطلع جزوی ابرآلود رہے گا۔ دوپہر کے اوقات میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش ہو سکتی ہے۔

خیبر پختونخوا
خیبر پختونخوا کے بیشتر اضلاع میں موسم گرم اور خشک رہے گا تاہم ایبٹ آباد، مانسہرہ، ہری پور، بٹگرام، کوہستان، سوات اور گردونواح میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔

پنجاب
پنجاب کے بیشتر اضلاع میں موسم گرم اور خشک رہنے کا امکان ہے۔ مری، گلیات، راولپنڈی، جہلم، چکوال، منڈی بہاؤالدین، گجرات، گوجرانوالہ، حافظ آباد، سیالکوٹ، نارووال، لاہور، شیخوپورہ، قصور، ساہیوال۔ پاکپتن، ٹوبہ ٹیک سنگھ، ملتان، خانیوال، ڈیرہ غازی خان،راجن پور، بہاولپور، بہاولنگر، خانپور۔ کوٹ ادو اور رحیم یار خان میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔

بلوچستان
بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں موسم گرم اور خشک رہے گا۔ ژوب، موسیٰ خیل، بارکھان، لورالائی، کوہلو، سبی، نصیرآباد، جھل مگسی، قلات، لسبیلہ، خضدار، آواران اور کیچ میں چند مقامات پر تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش جبکہ چند مقامات پر موسلادھار بارش ہوسکتی ہے۔

پی ڈی ایم اے

صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) نے بلوچستان میں بارشوں سے ہونے والے نقصانات کی تفصیلات جاری کردیں۔

پی ڈی ایم اے کے مطابق بارشوں کے دوران مختلف واقعات میں 39 افراد جاں بحق ہوئے، اس دوران 900 سے زائد مکان مکمل تباہ جب کہ 7 پل اور 47 کلومیٹر سڑکوں کو نقصان پہنچا ہے۔

سندھ
سندھ کے بیشتر اضلاع میں مطلع جزوی ابر آلود رہے گا تاہم گھوٹکی، شکار پور، سکھر، لاڑکانہ، شہید بینظیر آباد، کشمور، دادو، کراچی، حیدر آباد، ٹھٹہ، بدین، تھر پارکر، سانگھڑ، خیر پور۔ عمر کوٹ، مٹھی، میر پور خاص اور گردونواح میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔

کشمیر اور گلگت بلتستان میں مطلع جزوی ابر آلود رہے گا تاہم چند مقامات پر گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔

ترجمان محکمہ موسمیات کے مطابق موسلا دھار بارش کے باعث برساتی ندی نالوں میں طغیانی کا خدشہ ہے جبکہ گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران لاہور سمیت پنجاب کے شمال مشرقی اور جنوبی علاقوں میں موسلا دھار بارش ہوئی۔

Watch Live Public News