IC814: مسلمان ہائی جیکرز کو ہندو دکھانے پر تنازع، نیٹ فلکس کی وضاحت

netflix clarified
کیپشن: netflix clarified
سورس: google

ویب ڈیسک : نیٹ فلکس کی سیریز 'آئی سی-814: دی قندھار ہائی جیک' میں مسلمان ہائی جیکرز کو ہندو دکھانے پر بھارتی حکومت اور سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے شدید تنقید کے بعد کمپنی نے سیریز میں انتباہی نوٹ اپ ڈیٹ کرنے کا اعلان کیا ہے۔

'آئی سی-814: دی قندھار ہائی جیک' 29 اگست کو ریلیز کی گئی تھی۔ سیریز کی کہانی سن 1999 میں انڈین ایئرلائنز کے کھٹمنڈو سے نئی دہلی جانے والے طیارے '814' کی ہائی جیکنگ کے گرد گھومتی ہے۔

سیریز میں ہائی جیکنگ کی کہانی کو فکشن ورژن کے طور پر پیش کیا گیا ہے۔

 رپورٹ کے مطابق ریلیز کے بعد سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے شدید تنقید کی گئی کہ سیریز میں ہائی جیکرز کو ہندو دکھایا گیا ہے لیکن وہ حقیقت میں مسلمان تھے۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق وزارتِ اطلاعات و نشریات نے نیٹ فلکس حکام کو طلب بھی کیا تھا۔ بعدازاں اسٹریمنگ پلیٹ فارم نے کہا ہے کہ وہ فوراً سیریز میں انتباہی نوٹ اپ ڈیٹ کریں گے۔

نیٹ فلکس انڈیا کی جانب سے جاری بیان کے مطابق "سن 1999 میں انڈین ایئر لائنز کے طیارے 814 کے ہائی جیکنگ سے ناواقف سامعین کے لیے ابتدائی نوٹ کو ہائی جیکرز کے اصل اور کوڈ ناموں کے ساتھ اپ ڈیٹ کر دیا گیا ہے۔

Watch Live Public News