(ویب ڈیسک ) چیف سیکرٹری ندیم اسلم چوہدری نے تمام محکموں کے سربراہان کو مراسلہ ارسال کردیا ہے۔
پاکستنا تحریک انصاف کے 24 نومبر احتجاج میں خیبر پختونخواہ کے سرکاری وسائل و ملازمین کی شرکت روکنے کے حوالے سے بڑی پیش رفت ہوئی ہے۔ چیف سیکرٹری خیبر پختونخواہ نے سرکاری ملازمین کو قانون اور آئین کے مطابق فرائض کی انجام دہی کی ہدایت جاری کردی۔
چیف سیکرٹری کے پی نے آئی جی خیبر پختونخواہ سمیت تمام صوبائی اداروں اور انتظامیہ سربراہان کو مراسلہ لکھ دیا۔
مراسلے میں کہا گیا ہے کہ عوام کو بلا خوف و خطر تحفظ فراہم کرنا ہمارا فرض ہے،ہم قانون اور آئین کے تحت قوم کے خادم ہیں،ہمیں قانون اور آئین پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنانا ہوگا۔
مراسلے میں کہا گیا ہے کہ تمام ملازمین بلا خوف و خطر قانون و آئین کے مطابق اپنے فرائض سر انجام دیں،تمام ملازمین سیاسی ہمدردی سے بالاتر ہوکر غیر جانبداری سے فرائض ادا کریں،سیاسی دباؤ کو نظر انداز کرتے ہوئے قانون کی پاسداری کو یقینی بنائیں۔
مراسلے میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ ہمارا الائنس ریاست اور آئین کے ساتھ ہے کسی سیاسی جماعت سے نہیں،سرکاری وسائل اور اختیارات کا ناجائز استعمال کسی صورت نہ کیا جائے۔بطور پبلک سرونٹ آئین، قانون اور عوام کے اعتماد پر پورا اترنے کےلئے اقدامات کریں، سیاسی قیادت کے احکامات بھی صرف آئین اور قانون کے مطابق مانے جائیں۔
قبل ازیں چیف سیکرٹری خیبر پختونخواہ کو وزارت داخلہ پاکستان کی جانب سے مراسلہ لکھا گیا تھا۔ چیف سیکرٹری کو ہدایت کی گئی تھی کہ یہ یقینی بنایا جائے کہ 24 نومبر کے احتجاج میں کوئی بھی سرکاری مشینری استعمال نہ ہو۔وفاقی حکومت کی جانب سے چیف سیکرٹری سے کہا گیا تھا کہ یقینی بنایا جائے سرکاری لوگ یا پیسہ بھی استعمال نہیں ہو گا۔
ذرائع کے مطابق چیف سیکرٹری خیبر پختونخواہ نے وفاقی وزارت داخلہ کے مراسلے پر کارروائی کرتے ہوئے صوبے کے سرکاری ملازمین کو مراسلہ لکھا۔