(ویب ڈیسک ) پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی ) کے 24 نومبر احتجاج کے خلاف درخواست پر اسلام آباد ہائی کورٹ نے فیصلہ جاری کردیا ہے۔
اسلام آباد ہائیکورٹ نے فیصلے میں کہا ہے کہ عدالت کو بتایا گیا کہ بیلاروس کے صدر وفد کے ساتھ پاکستان آرہے ہیں، امن و امان قائم رکھنے کے لیے اسلام آباد انتظامیہ قانون کے مطابق تمام اقدامات اٹھائے، انتظامیہ کی ذمہ داری ہے قانون کی خلاف ورزی نہ ہونے دی جائے، یقینی بنایا جائے عام شہریوں کے کاروبار زندگی میں کوئی رخنہ نہ پڑے۔
عدالت نے فیصلے میں کہا ہے کہ پُرامن احتجاج اور پبلک آرڈر 2024 دھرنے، احتجاج، ریلی وغیرہ کی اجازت کے لیے مروجہ قانون ہے۔ اسلام آباد انتظامیہ مروجہ قانون کے خلاف دھرنا، ریلی یا احتجاج کی اجازت نہ دے۔
خیال رہے کہ تاجر رہنماؤں کی جانب سے احتجاج کے خلاف درخواست دائر کی گئی تھی۔جس پر چیف جسٹس عامر فاروق کی عدالت میں فوری سماعت کی گئی۔دوران سماعت وزیر داخلہ محسن نقوی بھی عدالت میں پیش ہوئے۔
اسلام آباد ہائیکورٹ کی جانب سے کیس کی مزید سماعت 27 نومبر تک کیلئے ملتوی کر دی گئی۔