عالیہ حمزہ کو بلوچستان پولیس کےحوالےکرنےسےروکنےکاحکم

عالیہ حمزہ کو بلوچستان پولیس کےحوالےکرنےسےروکنےکاحکم
کیپشن: عالیہ حمزہ کو بلوچستان پولیس کےحوالےکرنےسےروکنےکاحکم

ویب ڈیسک:  لاہور ہائیکورٹ نے پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی) کی رہنما عالیہ حمزہ کو بلوچستان پولیس کے حوالے کرنے سے روک دیا۔ عدالت نے ان کے خلاف درج مقدمات کی تفصیلات بھی طلب کر لیں۔

تفصیلات کے مطابق لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس علی باقر نجفی نے عالیہ حمزہ کے شوہر حمزہ جاوید ملک کی پی ٹی آئی رہنما کی بازیابی کے لیے درخواست پر سماعت کی۔ درخواست گزار کی طرف سے سلمان اکرم راجہ ایڈووکیٹ عدالت میں پیش ہوئے۔

درخواست میں فیڈریشن آف پاکستان، صوبائی حکومت، ہوم سیکرٹری، آئی جی پنجاب پولیس، سی سی پی او کو فریق بنایا گیا جس میں موقف اپنایا گیا کہ عدالت عالیہ حمزہ کی بازیابی کے لیے پروڈیکٹو آرڈر جاری کرے۔

وکیل درخواست گزار نے کہا کہ عالیہ حمزہ کو نومئی کے کیس میں ملوث کر کے گرفتار کر گیا، بعد میں یکے بعد دیگرے کیسوں میں ملوث کر دیا گیا، تمام مقدمات میں عدالتوں نے عالیہ حمزہ کی ضمانتیں منظور کر لیں۔

وکیل نے عدالت سے استدعا کی کہ ضمانتوں پر رہائی کے بعد عالیہ حمزہ کو اٹھوا لیا گیا ہے، اب علم نہیں کہ وہ کہاں اور کس حالت میں ہیں، عدالت عالیہ حمزہ کی بازیابی کا حکم دے، عدالت عالیہ حمزہ کو لاہور ہائیکورٹ کی حدود سے باہر شفٹ کرنے سے روکنے کا حکم دے۔

لاہور ہائیکورٹ نے وفاقی اور صوبائی حکومت کو نوٹس جاری کرتے ہوئے رپورٹ طلب کرلی۔ عدالت نے عالیہ حمزہ کو پنجاب سے دوسرے صوبے کے حوالے کرنے سے روکتے ہوئے سماعت کل تک ملتوی کر دی۔

Watch Live Public News