شین وارن پر آسٹریلوی ماڈل کو فحش پیغامات بھیجنے کا الزام

شین وارن پر آسٹریلوی ماڈل کو فحش پیغامات بھیجنے کا الزام
سڈنی: (ویب ڈیسک) آسٹریلیا کے سابق کھلاڑی شین وارن ایک بار پھر تنازعات میں گھر گئے ہیں۔ ماڈل اور ٹی وی اداکارہ جیسیکا پاور نے ان پر فحش پیغامات بھیجنے کا الزام لگایا ہے۔ تفصیل کے مطابق دنیا کے بہترین بلے بازوں کو اپنی اسپن بائولنگ سے چکما دینے والے شین وارن ایک بار پھر سرخیوں میں ہیں۔ ماڈل اور ٹی وی اداکارہ جیسیکا پاور نے سابق آسٹریلوی کرکٹر پر فحش پیغامات بھیجنے کا الزام لگایا ہے۔ ویسے یہ پہلا موقع نہیں جب کسی خاتون نے شین وارن کے خلاف شکایت کی ہو۔ اس سے قبل بھی وارن اپنی حرکات کی وجہ سے تنازعات کا شکار رہے ہیں جس کی وجہ سے ان کی شادی ٹوٹ چکی ہے۔ ماڈل اور ٹی وی اداکارہ جیسیکا پاور نے بھی اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر شین وارن کی جانب سے بھیجے گئے پیغام کا اسکرین شاٹ شیئر کیا ہے۔ اس میں وارن کو جیسکا سے ہوٹل کے کمرے میں ملنے کو کہا گیا ہے۔ ماڈل کے انکار کے باوجود وارن نے اسے مسلسل کئی پیغامات بھیجے۔ جیسکا پاور نے جواباً کہا کہ یہ پاگل پن ہے۔ مجھے یقین نہیں آرہا کہ آپ ایسے پیغام بھیج رہے ہیں۔ ماڈل جیسیکا نے یہ الزامات انگلش ریئلٹی شو 'بگ برادر وی آئی پی' میں شین وارن پر لگائے ہیں۔ 30 سالہ جیسیکا پاور نے بتایا کہ شین وارن نے انہیں میسج کیا تھا، جس میں وہ ہوٹل کے کمرے میں ملاقات کے بارے میں کہہ رہے تھے۔ لیکن اس نے وارن سے ملنے سے انکار کر دیا تھا۔ انکار کے باوجود وہ بہت سے پیغامات بھیجتے رہے۔ خیال رہے کہ شین وارن نے آسٹریلیا کے لیے 300 سے زائد انٹرنیشنل میچز کھیلے ہیں اور انہیں دنیا کا عظیم ترین لیگ اسپنر کہا جاتا ہے۔ تجربہ کار بلے باز بھی ان کی بولنگ کے آگے ڈھیر ہو جاتے تھے۔ ان کی ٹیسٹ کرکٹ میں 708 وکٹیں ہیں۔ اس کے ساتھ ہی وہ ایک روزہ بین الاقوامی کرکٹ میں 293 وکٹیں لے چکے ہیں۔

Watch Live Public News