ویب ڈیسک: غلطی سے اپنی گولی کا نشانہ خود بننے والے بالی ووڈ کے معروف اداکار و سیاسی رہنما گووندا نے اسپتال سے ڈسچارج ہونے کے بعد حادثے کو دوسرا رنگ نہ دینے کی اپیل کر دی۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق گووندا نے اسپتال سے ڈسچارج ہونے کے بعد بھارتی میڈیا سے گفتگو کی۔
دوران گفتگو انہوں نے حادثہ کے حوالے سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ابتداً مجھے یقین نہیں آرہا تھا کہ ایسا کچھ ہو گیا ہے، زخم بہت گہرا تھا کہ مجھے کچھ سمجھ نہیں آرہا تھا۔
انہوں نے کہا کہ میں نے اپنے ہوش سنبھالتے ہوئے سوچا کہ آخر یہ ہوا کیا ہے؟ کیونکہ یہ سب اچانک ہوا تھا، میں تو کولکتہ شو میں جانے کے لیے تیاری کر رہا تھا کہ اچانک صبح 5 بجے کے آس پاس میرے ہاتھ سے ریوالور نیچے گری اور غلطی سے گولی چل پڑی۔
اداکار نے کہا کہ اپنے آس پاس خون دیکھ کر ایک جھٹکا محسوس ہوا۔
انہوں نے اپنے چاہنے والوں اور پولیس سے درخواست کرتے ہوئے مزید کہا کہ اس واقعے کو کوئی دوسرا اور غلط رنگ نہ دیا جائے، یہ حادثہ تھا اس سے سبق سیکھیں اور آئندہ محتاط رہیں اور اپنی حفاظت کریں۔
گووندا نے مزید کہا کہ میں ہر اس شخص کا شکریہ ادا کرتا ہوں جنہوں نے میرے لیے دعا کی۔
واضح رہے کہ یکم اکتوبر کو صبح کے تقریباً 5 بجے کے قریب گووندا اپنی ہی ریوالور سے گولی لگنے کے باعث زخمی ہوگئے تھے جس کے بعد اداکار کو ایمرجنسی میں ممبئی کے نجی اسپتال میں داخل کروایا گیا تھا، ان کی حالت بہتر ہونے کے بعد انہیں 4 اکتوبر کو اسپتال سے ڈسچارج کیا گیا۔