مظفر آباد(پبلک نیوز) بھارت کی دھمکیوں کے باوجود عالمی کرکٹر ہرشل گبز پاکستان پہنچ گئے. جنوبی افریقہ پارلیمانی فرینڈ شپ کے کنویئنر سینیٹر فیصل جاوید کی جانب سے ہرشل گبز کا بھرپور خیرمقدم کیا گیا ہے.
سینیٹر فیصل جاوید کا ٹویٹر پر ہرشل گبز کے نام پیغام میںکہنا تھا کہ پاکستان آمد پر ہرشل گبز کا بھرپور خیرمقدم کرتے ہیں،پرجوش کشمیری کشمیر پریمئر لیگ کے سنسنی خیز مقابلے دیکھنے کیلئے بیتاب ہیں. ہرشل گبز کا اپنےپیغام میں کہنا تھا کہ خیرمقدم پر سینیٹر فیصل جاوید کا شکریہ ادا کرتا ہوں، پاکستان پہنچ کر بےحد اچھا محسوس کررہا ہوں.
ہرشل گبز نے پاکستان آنے پر بھارتی دھمکیوں سے اپنے مداحین کو ٹویٹ کے ذریعے آگاہ کیا تھا، ہرشل گبز نے 31 جولائی کے اپنے ٹویٹ میں کہا کہ بھارتی کرکٹ بورڈ غیر ضروری طور پر اپنا سیاسی ایجنڈا کھیل میں لا رہا ہے، ہرشل گبز نے لکھا کہ بھارتی کرکٹ بورڈ انہیں کشمیر پریمئر لیگ کا حصہ بننے سے روک رہا ہے. ہرشل گبز نے بتایا تھا کہ بھارتی کرکٹ بورڈ انہیں آئندہ بھارت میں کسی مقابلے میں شرکت کی اجازت نہ دینے کی دھمکیاں بھی دے رہا ہے، ہرشل گبز نے ٹویٹ کیا کہ بھارتی کرکٹ بورڈ کا رویہ اور دھمکیاں مضحکہ خیز ہیں.