کوئٹہ ( پبلک نیوز) گورنر بلوچستان جسٹس ریٹائرڈ امان اللہ خان نے اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا ہے۔ یاد رہے کہ وزیر اعظم عمران خان نے اپریل میں بلوچستان کا دورہ کیا تھا۔ اس دوران انھوں نے پی ٹی آئی اور اتحادی ارکان میں صلح کرانے کے لیے مفاہمت کا راستہ نکالنے اور رابطہ استوار رکھنے کے لیے اسد عمر کی ڈیوٹی لگائی تھی۔ وزیر اعظم نے اس وقت گورنر بلوچستان جسٹس (ر) امان اللہ خان یاسین زئی سے استعفیٰ کے لیے خط بھی لکھا تھا مگر انھوں نے مستعفی ہونے سے انکار کرتے ہوئے قانونی جنگ لڑنے کا کہا تھا۔ مگر دو ماہ کے بعد بالآخر امان اللہ خان یاسین زئی نے اپنا استعفیٰ صدر مملکت پاکستان کو بھجوا دیا ہے تاہم اپنے استعفیٰ میں انھوں نے وجہ کوئی درج نہیں کی۔ دوسری جانب بلوچستان کی گورنر شپ کے لیے ڈاکٹر امیر محمد جوگیزئی، سابق سفیر آصف درانی اور سابق ایڈیشنل آئی جی پولیس نوابزادہ ہمایوں جوگیزئی کے نام فیورٹ قرار دیئے جا رہے ہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان جلد حتمی نام کی منظوری دیں گے۔