اسرائیل فلسطینی قیدیوں پر اسرائیلی فوجیوں کے جنسی حملوں کی تحقیق کرے، ترجمان امریکی وزارت خارجہ

اسرائیل فلسطینی قیدیوں پر اسرائیلی فوجیوں کے جنسی حملوں کی تحقیق کرے، ترجمان امریکی وزارت خارجہ

(ویب ڈیسک ) امریکی وزارت خارجہ کے ترجمان میتھیو میلر کا کہنا ہے کہ اسرائیل کو چاہیے کہ فلسطینی قیدیوں پر اسرائیلی فوجیوں کے جنسی حملوں سے متعلق دعوؤں کی گہرائی کے ساتھ تحقیق کرے اور مجرموں کے ساتھ کوئی رعائت نہ برتی جائے۔

جب میلر سے اسرائیلی ٹیلی وژن چینل 12 پر نشر ہونے والے وڈیو کلپ کے بارے میں سوال کیا گیا تو ان کا کہنا تھا کہ "ہم نے وڈیو کلپ دیکھا ہے، گرفتار شدگان پر جنسی حملے کے بارے میں رپورٹیں خوف ناک ہیں۔ اسرائیلی حکومت اور فوج کو ان رپورٹوں کی مکمل تحقیقات کرنا چاہیے"۔

مذکورہ وڈیو کلپ میں اسرائیلی فوجیوں کو دیکھا جا سکتا ہے کہ وہ ایک فلسطینی کو گرفتار کر کے سیکورٹی کیمروں کی نظروں سے دور لے کر جا رہے ہیں تا کہ خلاف ورزیوں کا ارتکاب کر سکیں۔

ادھر وائٹ ہاؤس نے فلسطینی قیدیوں کے ساتھ عصمت دری، تشدد اور برے سلوک کے متعلق رپورٹیں "انتہائی تشویش" کا باعث ہیں۔ وائٹ ہاؤس کی خاتون ترجمان کیرین جان پیئر نے باور کرایا کہ "قانون کی بالادستی اور نگرانی کے اقدامات پر عمل درآمد ضروری ہے"۔

مذکورہ مبینہ خلاف ورزی سے متعلق وڈیو کلپ اسرائیلی حکام کی جانب سے اسرائیلی فوجیوں کی فلسطینی قیدیوں کے ساتھ بد سلوکی کے الزامات کی تحقیقات کے دوران سامنے آئی۔

اس تحقیق نے دائیں بازو کے اسرائیلیوں میں غصے کی لہر دوڑا دی جنھوں نے دو فوجی تنصیبات پر دھاوا بولنے کی کوشش کی۔ اس سے قبل اسرائیلی فوجی پولیس نے 9 فوجیوں کو گرفتار کر لیا تھا۔ ان پر ازام تھا کہ انھوں نے غزہ میں ریزرو فوجیوں کے ہاتھوں گرفتار ایک فلسطینی قیدی کو جنوبی اسرائیل میں سدی تیمان کے اڈے پر زیادتی کا نشانہ بنایا۔

امریکی وزارت خارجہ کے ترجمان میتھیو میلر نے کہا کہ "اسرائیلی فوج کا اس حوالے سے تحقیق کرنا اچھی بات ہے ... میں اس تحقیق کے نتائج کے بارے میں بات نہیں کروں گا تاہم اس میں تیزی لانا چاہیے ... اگر یہ ثابت ہو جائے کہ انھوں نے فوجداری قوانین یا اسرائیلی فوج کے ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کی ہے تو پھر یقینا انھیں جوابدہ بنایا جانا چاہیے"۔

پیر کے روز انسانی حقوق کی اسرائیلی تنظیم "بتسيلم" کی جانب سے جاری رپورٹ میں کہا گیا کہ اکتوبر میں غزہ کی جنگ شروع ہونے کے بعد سے اسرائیل نے فلسطینی قیدیوں کے ساتھ بد سلوکی اور تشدد کے لیے ایک منظم پالیسی اپنائی ہوئی ہے۔ اس دوران میں قیدیوں کو بے تحاشا تشدد اور جنسی استحصال کا نشانہ بنایا گیا۔

Watch Live Public News