پاکستان کا ٹی ٹوئنٹی کے بعد ٹیسٹ سیریز میں بھی وائٹ واش

پاکستان کا ٹی ٹوئنٹی کے بعد ٹیسٹ سیریز میں بھی وائٹ واش
ڈھاکا ٹیسٹ میچ میں پاکستان نے بنگلہ دیش کو ایک اننگز اور 8 رنز سے شکست دے کر ٹیسٹ سیریز میں کلین سوئپ کرلیا۔پانچویں روز بنگلہ دیش نے 7 وکٹ کے نقصان پر 76 رنز سے میچ کا آغاز کیا تو اس کے باقی تین کھلاڑی بھی مزید 11 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے۔ اس طرح میزبان ٹیم پہلی اننگز میں 87 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی اور فالو آن کا شکار ہوگئی۔ بنگال ٹائیگرز دوسری اننگز میں بھی ابتدا سے ہی ناکامی کا شکار ہوگئے اور صرف 25 رنز پر اس کے 4 کھلاڑی آؤٹ ہوگئے تھے۔ تاہم پھر مڈل آرڈر نے ٹیم کو سنبھالا تاہم پاکستانی باؤلرز نے شان دار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے بنگلہ دیش کو 205 رنز پر آؤٹ کردیا۔ پہلی اننگ میں پاکستانی باؤلر ساجد خان نے بنگلہ دیشی ٹیم کے پرخچے اڑا دیے اور صرف 42 رنز دے کر 8 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ دوسری اننگز میں انہوں نے مزید 4 وکٹیں حاصل کیں۔ اس طرح انہوں نے مجموعی طور پر 12 وکٹیں حاصل کیں۔ پاکستان اور بنگلادیش کے درمیان جاری 2 ٹیسٹ میچز کی سیریز کا دوسرا میچ ڈھاکا میں کھیلا گیا. چوتھے روز میچ تاخیر سے شروع ہوا اور پاکستان کی اننگز سے کھیل کا آغاز ہوا۔ اظہر علی 56 رنز اور کپتان بابراعظم 76 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے جبکہ فواد عالم 50 رنز بناکر اور محمد رضوان 53 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔ اس کے بعد پاکستان نے پہلی اننگز 300 رنز پر ڈیکلیئر کردی۔ بنگلادیش کی بیٹنگ اننگ کے آغاز میں ہی لڑکھڑا گئی اور صرف 76 رنز پر اس کے 7 کھلاڑی آؤٹ ہوچکے ہیں۔ شادمان اسلام نے 3 رنز، محمود الحسن (0)، نجم الحسن 30 ، مومن الحق (1)، مشفیق الرحیم (5)، مہدی حسن (0) اور لٹن داس نے صرف 6 رنز بنائے۔ چوتھے روز میچ کے اختتام پر بنگلا دیش نے 7 وکٹوں پر 76 رنز بنا لیے۔ اس طرح پاکستان کو پہلی اننگز میں 224 رنز کی برتری حاصل ہوگئی۔ واضح رہے کہ ڈھاکا ٹیسٹ میچ میں تیسرے دن کا کھیل مسلسل بارش کے باعث نہیں ہوسکا۔ کھیل کے دوسرے دن بارش اور پچ گیلی ہونے کے باعث میچ کھانے کے وقفے کے بعد شروع ہوا تاہم صرف 6.2 اوورز کا کھیل ہوا تھا کہ بارش کے باعث ایک بار پھر میچ روک دیا گیا، کافی دیر انتظار کے بعد بارش نہ رکنے کی صورت میں امپائرز نے دوسرے دن کا کھیل ختم کرنے کا اعلان کیا۔ دوسرے دن کھیل کے اختتام پر پاکستان نے 2 کھلاڑیوں کے نقصان پر 188 رنز بنائے تھے جب کہ وکٹ پر اظہر علی اور بابر اعظم موجود ہیں، دونوں کے درمیان 100 رنز سے زائد کی شراکت قائم ہے۔ اس سے قبل ٹیسٹ میچ کے پہلے روز پاکستان نے بنگلادیش کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا، اننگز کا آغاز عابد علی اور عبداللہ شفیق نے کیا تاہم دونوں کھلاڑی بالترتیب 39 اور 25 رنز بناکر پویلین لوٹ گئے، قومی ٹیم نے دن کے اختتام تک 2 وکٹوں کے نقصان پر 161 رنز بنالیے تھے۔واضح رہے کہ پہلے ٹیسٹ میچ میں قومی ٹیم نے بنگلادیش کو 8 وکٹوں سے شکست دی تھی جب کہ ٹی ٹوئنٹی سیریز میں پاکستان بنگلادیش کو وائٹ واش کرچکا ہے۔

Watch Live Public News

ایڈیٹر

احمد علی کیف نے یونیورسٹی آف لاہور سے ایم فل کی ڈگری حاصل کر رکھی ہے۔ پبلک نیوز کا حصہ بننے سے قبل 24 نیوز اور سٹی 42 کا بطور ویب کانٹینٹ ٹیم لیڈ حصہ رہ چکے ہیں۔