اسلام آباد: وزیر مملکت برائے پیٹرولیم مصدق ملک نے پیٹرولیم مصنوعات ذخیرہ کر کے مصنوعی بحران پیدا کرنے وال کو سخت نتائج سے خبردار کر دیا ہے۔ وزیر مملکت برائے پیٹرولیم مصدق ملک نے وفاقی دارالحکومت میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ ملک میں پیٹرولیم مصنوعات کی کوئی قلت نہیں ہے، ہمارے پاس 20 روز کے پیٹرول اور 29 روز کے ڈیزل کا اسٹاک موجود ہے۔ مصدق ملک نے کہا کہ ملک میں پیٹرولیم مصنوعات کی قلت ذخیرہ اندوزی کی وجہ سے ہے، پیٹرولیم مصنوعات کی ذخیرہ اندوزی کرنے والوں سے کہتا ہوں کہ آج ہی رک جائیں ورنہ سخت نتائج بھگتنا پڑیں گے۔ انہوں نے کہا کہ جو بھی ذخیرہ اندوزی میں ملوث ہوا اس کا لائسنس منسوخ کر دیا جائے گا، ریاست قدم اٹھائے گی تو پھر آپ لوگ بیٹھ کر پریس کانفرنسیں کر رہے ہوں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ روس سے تیل خریداری کے معاملات مارچ کے آخر تک طے ہو جائیں گے اور امید ہے کہ اپریل سے ملک میں روس سے تیل آنا شروع ہو جائے گا۔ ملک میں گزشتہ دنوں بجلی بریک ڈاؤن سے متعلق بات کرتے ہوئے مصدق ملک نے کہا کہ بجلی بریک ڈاؤن کی وجوہات پرکام مکمل کر لیا ہے، دو دن میں رپورٹ وزیراعظم کو پیش کر دوں گا۔