روس اور ایران کے درمیان تجارت اب ڈالر کی بجائے لوکل کرنسی میں ہوگی

روس اور ایران کے درمیان تجارت اب ڈالر کی بجائے لوکل کرنسی میں ہوگی

ویب ڈیسک: روس اور ایران کے درمیان تجارتی پیمنٹ سسٹم طے پا گیا ہے، جس کے تحت روس اور ایران باہمی تجارت میں اب ڈالر کا استعمال نہیں کریں گے بلکہ دونوں ممالک کے درمیان تجارت اب لوکل کرنسی میں ہوگی۔

ایرانی خبر رساں ایجنسی کے مطابق ایران اور روس نے مالیاتی معاہدے پر دستخط کر دیئے ہیں۔ ایران کے مرکزی بینک (سی بی آئی) کے گورنر محمد رضا فرزین نے بتایا کہ تہران اور ماسکو کے درمیان دوطرفہ تجارتی تبادلے کے لیے ایک مالیاتی معاہدے پر دستخط کیے گئے ہیں۔

محمد رضا فرزین نے صحافیوں سے گفتگو میں کہا کہ انہوں نے اپنے روسی ہم منصب سے گزشتہ جمعرات کو سینٹ پیٹرزبرگ میں ملاقات کی تھی جہاں انہوں نے دونوں ممالک کے درمیان پہلے سے طے شدہ معاہدوں کو حتمی شکل دی تھی۔

ملاقات کے دوران ایران اور روس کے چیف بینکرز نے دونوں ممالک کے مشترکہ اقدامات کے حوالے سے مفاہمت کی یادداشت پر بھی دستخط کیے ہیں۔ فرزین نے یہ بھی کہا کہ نیا مالیاتی معاہدہ ایران اور روس کو مقامی کرنسیوں میں تجارت کرنے کے قابل بناتا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ دونوں ممالک کے خصوصی وفود کے درمیان ہونے والے معاہدوں کی بنیاد پر ایران کا شیتاب بینکنگ سسٹم اگست کے آخر تک روس کے انٹربینک سسٹم سے منسلک ہو جائے گا۔

فرزین نے مزید کہا کہ نئی اسکیم سے ایرانی شہری اپنے ایرانی بینکنگ کارڈز کا استعمال کرتے ہوئے روسی اے ٹی ایم سے روبل لے سکیں گے۔

انہوں نے کہا کہ یہ اسکیم اگلے مراحل میں مزید ترقی کرے گی تاکہ روسی شہریوں کو ایرانی اے ٹی ایم میں اپنے بینکنگ کارڈز استعمال کرنے کی اجازت دی جائے اور اس کے بعد روسی پوزز پر ایرانی کارڈ استعمال کرنے کے قابل بنائے۔

Watch Live Public News