اسلام آباد ( پبلک نیوز) اب احساس پناہ گاہوں کی ڈیجیٹل مانیٹرنگ ہوگی، وزیر اعظم نے ہدایت جاری کر دی۔ تفصیلات کے مطابق احساس پناہ گاہوں کی اسلام آباد میں ڈیجیٹل مانیٹرنگ کو جلد متعارف کرایا جائے گا۔ وفاقی وزیر ڈاکٹر ثانیہ نشتر اور متعلقہ حکام تمام پناہ گاہوں میں سہولیات کو ہر وقت مانیٹر کرسکیں گے۔ ڈیجیٹل مانیٹرنگ سے پناہ گاہوں میں مزدروں، محنت کشوں کے لئے بہترین سروس یقینی بنائی جائے گی۔ وزیراعظم کی ہدایت پر پناہ گاہوں کا معیار ہتر بنانے پر بھی کام شروع کردیا گیا۔ ڈاکٹر ثانیہ کی زیر صدارت احساس پناہ گاہوں کے معیار کو بہتر بنانے کیلیئے پہلی ورکشاپ کا انعقاد کیا گیا۔ ورکشاپ میں اسلام آباد کی تمام پانچ پناہ گاہوں کی انتظامیہ اور عملے نے شرکت کی۔ ورکشاپ میں سیکرٹری اور ایڈیشنل سیکرٹری وزارت سماجی تحفظ ڈویژن بھی شریک ہوئے۔ اجلاس میں ایم ڈی پاکستان بیت المال ظہیر عباس کھوکھر بھی شریک تھے۔ اجلاس میں عملے کو پناہ گاہوں میں اعلیٰ اخلاق اور اقدار یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی۔ ڈاکٹر ثانیہ نشتر کا کہنا تھا کہ احساس پناہ گاہوں کے معیار کو مزید بہتر بنانے کیلیئے ڈیجیٹل مانیٹرنگ فعال ثابت ہوگی۔ پناہ گاہ میں ہر مزدور کو ہمارا عملہ بہترین سروس فراہم کرے گا۔