ووٹوں کی پیسوں کے عوض فروخت، ویڈیو پر وزیراعظم کا ردعمل

ووٹوں کی پیسوں کے عوض فروخت، ویڈیو پر وزیراعظم کا ردعمل

اسلام آباد(پبلک نیوز) وزیر اعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ سینیٹ الیکشن میں ووٹوں کی پیسوں کے عوض فروخت کی ویڈیو سے ظاہر ہوتا ہے کہ طبقہ اشرافیہ کس طرح اقتدار میں پیسے بناتا ہے اور پھر اس کی منی لانڈرنگ کرتا ہے، ہم اس سسٹم کو ختم کرنے کیلئے پرعزم ہیں۔

وزیر اعظم عمران خان نے ٹوئٹر پر جاری اپنے بیان میں کہا کہ سینیٹ الیکشن میں پیسوں کے بدلے ووٹ دینے کی ویڈیو ظاہر کرتی ہے کہ ہمارے سیاستدان سینیٹ الیکشن میں کس شرمناک طریقے سے ووٹوں کی خریدو فروخت کرتے ہیں، یہ اس بات کی عکاسی ہے کہ حکمران اشرافیہ نے کس طرح قوم کی اخلاقیات کو تباہ کرکے اسے قرضوں میں ڈبو دیا، کرپشن اور منی لانڈرنگ حکمران اشرافیہ کا خاصہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ طبقہ اشرافیہ حکومت میں آنے کیلئے پیسے خرچ کرتا ہے اور پھر سیاسی طاقت کو استعمال کرکے بیورو کریٹس، میڈیا اور سٹیک ہولڈرز کو خریدکر پیسہ بناتا ہے ، پھر اسی پیسے کو منی لانڈرنگ کرکے آف شور اثاثے یا بیرون ممالک پرتعیش رہائش گاہیں بنائی جاتی ہیں۔

وزیر اعظم کا مزید کہنا تھا کہ یہ وہ سسٹم ہے جس کو بچانے کیلئے پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ کرپشن فرینڈلی سسٹم کو سپورٹ کر رہی ہے۔ ہم کرپشن کے اس پہیے اور منی لانڈرنگ کو روک کر قوم کو قرضوں سے نجات دلانے کیلئے پرعزم ہیں۔

Watch Live Public News