اسلام آباد (ویب ڈیسک) وفاقی دارالحکومت میں تشدد اور زیادتی کا نشانے بننے والے جوڑے نے شادی کر لی ہے۔ پولیس کے مطابق جوڑے کی شادی سے متعلق تصدیق ہو گئی ہے۔ تفصیلات کے مطابق رواں ہفتے اسلام آباد میں ایک جوڑے پر پہلے تشدد کیا گیا، بعد ازاں لڑکی کو مبینہ طور پر زیادتی کا نشانہ بھی بنایا گیا۔ اس کے بعد ویڈیوز سوشل میڈیا پر ڈال دی گئیں۔ اسلام آباد پولیس واقعہ میں ملوث ملزمان تک پہنچ گئی۔ آج ملزمان کو عدالت کے سامنے پیش کیا گیا۔ عدالت نے چار دن کے لیے ملزمان کا جسمانی ریمانڈ منظور کرتے ہوئے پولیس کے حوالے کر دیا۔ اس حوالے سے اسلام آباد پولیس کی جانب سے متاثرہ لڑکی اور لڑکے اور ان کے اہل خانہ کے ساتھ ملاقات کی گئی۔ جس کے بعد ایس پی عطا الرحمان نے بتایا کہ واقعہ میں ملوث حیوانی ذہنیت کے مالک ملزمان کو دھر لیا ہے ۔ یہ ہمارا اپنا مقدمہ ہے جسے آخر تک لڑیں گے۔ واضح رہے کہ متاثرہ جوڑے نے اپنی شادی کے حوالے سے تصدیق کر دی ہے۔ لہذا اب وہ دونوں میاں بیوی ہیں۔ لڑکی اور لڑکے نے پولیس کو بیان بھی ریکارڈ کرا دیئے ہیں۔ بیان انھوں نے قانونی تحفظ کی یقین دہانی کے بعد ریکارڈ کرائے۔