صدارتی انتخاب:سنی اتحاد کونسل کی اپنے ارکان کو حاضری یقینی بنانے کی ہدایت

صدارتی انتخاب:سنی اتحاد کونسل کی اپنے ارکان کو حاضری یقینی بنانے کی ہدایت
کیپشن: صدارتی انتخاب:سنی اتحاد کونسل کی اپنے ارکان کو حاضری یقینی بنانے کی ہدایت

ویب ڈیسک: سنی اتحاد کونسل کے صدارتی امیدوار محمود خان اچکزئی کی جانب سے ارکان پارلیمنٹ کے اعزاز میں عشائیہ دیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق ارکان پارلیمنٹ کیلئے عشائیے کا اہتمام اسلام آباد کلب میں کیا گیا جس میں قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر عمر ایوب، اسد قیصر، علی محمد خان، عامر ڈوگر، اختر مینگل، طاہر بزنجو و دیگر نے شرکت کی، تمام ارکان کو صدارتی انتخاب کی ووٹنگ کیلئے حاضری یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی۔

قبل ازیں اپوزیشن کے مشترکہ امیدوار محمود خان اچکزئی نے الیکشن کمیشن کو صدارتی انتخاب ملتوی کرنے کی درخواست دی تھی جسے الیکشن کمیشن نے مسترد کر کے صدارتی انتخاب شیڈول کے مطابق کروانے کا فیصلہ کرتے ہوئے کہا کہ 14 ویں صدر کا انتخاب شیڈول کے مطابق ہوگا۔

بعد ازاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے محمود خان اچکزئی کا کہنا تھا کہ اسمبلیاں مکمل نہیں اس لیے صدارتی الیکشن ملتوی کر کے پارلیمنٹ کی کمیٹی بنائی جائے، رضا ربانی اور مشاہد حسین جیسے سینئر ترین لوگوں کو کمیٹی میں شامل کیا جائے، کمیٹی 7 دن کے اندر تمام مسائل کا حل نکال سکتی ہے۔

اپوزیشن کے مشترکہ صدارتی امیدوار محمود خان اچکزئی کا مزید کہنا تھا کہ خدارا ملک پر رحم کریں، پارلیمانی کمیٹی اتفاق رائے سے بہت معاملات حل کر سکتی ہے، ہمارے کپڑے کیوں دوسرے لوگ دھوئیں، ہم بیٹھ کر تمام معاملات کا حل نکال سکتے ہیں، سپیکر قومی اسمبلی کو بھی خط لکھا ہے۔

Watch Live Public News