خاتون نے جعلی شادی رچا کررشتہ داروں سے45کروڑ ہتھیالیے

خاتون نے جعلی شادی رچا کررشتہ داروں سے45کروڑ ہتھیالیے
کیپشن: خاتون نے جعلی شادی رچا کررشتہ داروں کے45کروڑ لے اڑی

ویب ڈیسک: شنگھائی کی ایک 40 سالہ خاتون  مینگ کو 12 سال چھ  ماہ قید کی سزا سنائی گئی ہے کیونکہ اس نے جعلی شادی کا ڈرامہ رچایا اور اپنے رشتہ داروں کو  1.6 ملین ڈالر (تقریباً 45 کروڑ روپے) کا چونا لگادیا۔

ساؤتھ چائنہ مارننگ پوسٹ کے مطابق مینگ ایک چھوٹے پیمانے کی رئیل اسٹیٹ ایجنسی چلاتی تھی جو نقصان میں چلی گئی۔ اس نقصان کو پورا کرنے  کے لیے اس نے ایک دھوکہ دہی کا منصوبہ بنایا۔ اس نے ایک عام ڈرائیور جیانگ کو شادی کے لیے قائل کر لیا اور جھوٹا بہانہ بنایا کہ اس کے والدین اس پر شادی کے لیے دباؤ ڈال رہے ہیں۔

شادی کے بعد مینگ نے اپنے رشتہ داروں کو جیانگ کو ایک امیر رئیل اسٹیٹ کاروباری شخصیت کے طور پر متعارف کرایا۔ اس نے دعویٰ کیا کہ جیانگ بڑے انفراسٹرکچر پروجیکٹس میں شامل ہے اور اس کے تعلقات کے ذریعے وہ رشتہ داروں کو سستی قیمتوں پر فلیٹ دلوا سکتی ہے۔ اس جھوٹ کو مزید مضبوط کرنے کے لیے مینگ نے خود ایک چھوٹا فلیٹ خریدا اور اپنے کزن کو آدھی قیمت پر بیچ دیا۔ بعد ازاں  اس نے اپنے کزن سے کہا کہ وہ دوسرے رشتہ داروں کو بتائے کہ یہ خاص رعایت مینگ اور جیانگ کی مہربانی سے ملی۔

مینگ نے رشتہ داروں کو نئی رہائشی سکیموں کے ماڈل فلیٹس دکھائے اور یقین دلایا کہ وہ انہیں مارکیٹ ریٹ سے کم قیمت پر حاصل کر سکتی ہے۔ اس چالاکی کی وجہ سے کم از کم پانچ رشتہ داروں نے اپنی جمع پونجی مینگ کے حوالے کر دی، یہاں تک کہ کچھ نے اپنے پرانے فلیٹ بیچ کر نئے خریدنے کا خواب دیکھا۔

سالوں تک مینگ بہانے بناتی رہی کہ رعایتی قیمتوں کے حصول میں کچھ مسائل ہیں۔ اس نے رشتہ داروں کے لیے کرائے کے فلیٹ لے کر انہیں باور کرایا کہ یہ وہی فلیٹس ہیں جو انہوں نے خریدے تھے۔ لیکن جب ایک رشتہ دار کو شبہ ہوا اور اس نے اصل پراپرٹی ڈویلپر سے تصدیق کی تو حقیقت سامنے آ گئی۔ تحقیقات سے معلوم ہوا کہ نہ تو مینگ کے پاس کوئی جائیداد تھی اور نہ ہی جیانگ کوئی کاروباری شخصیت تھا۔

عدالت نے مینگ کو معاہدے میں دھوکہ دہی کے جرم میں ساڑھے  12 سال قید کی سزا سنائی۔ اس کے جعلی شوہر جیانگ، کو کرایہ کے معاہدوں پر دستخط کرنے کی وجہ سے چھ سال قید کی سزا ملی۔ اس کے کزن کو جس نے رشتہ داروں کو جھوٹا یقین دلایا تھا، پانچ  سال قید کی سزا دی گئی۔

Watch Live Public News