(ویب ڈیسک ) کراچی کے علاقے بوٹ بیسن پر شاہ زین مری اور گارڈز کے شہری پر تشدد کے واقعے پر ڈپٹی انسپکٹر جنرل (ڈی آئی جی) ضلع جنوبی اسد رضا نے شاہ زین مری کی گرفتاری کے لیے آئی جی سندھ کو خط لکھ دیا۔
خط میں ڈی آئی جی ساؤتھ اسد رضا کا کہنا ہے کہ شاہ زین مری کی گرفتاری کے لیے بلوچستان حکومت سے رابطہ کیا جائے، شاہ زین مری نے گارڈز کے ساتھ مل کر 19 فروری کو شہری پر تشدد کیا تھا۔
اسد رضا نے خط میں کہا کہ شاہ زین مری کے 5 گارڈز گرفتار کیے ہیں، واقعے کے بعد شاہ زین مری بلوچستان فرار ہو گئے، ان کا آبائی تعلق کوہلو سے ہے۔
خط میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ بلوچستان حکومت شاہ زین مری کی گرفتاری کو یقینی بنائے۔
خیال رہے کہ 19فروری کو کراچی کے علاقے بوٹ بیسن پر شاہ زین مری اور ان کے سکیورٹی گارڈز کی جانب سے ایک شہری پر تشدد کی سی سی ٹی وی فوٹیج سامنے آئی تھی، فوٹیج میں شاہ زین مری کو اپنے سکیورٹی گارڈز کے ہمراہ شہری پر تشدد کرتے دیکھا گیا تھا۔
شہری پر تشدد کی سی سی ٹی وی فوٹیج سامنے آنے کے بعد پولیس حرکت میں آئی اور 5 ملزمان کو گرفتار کیا تھا تاہم مرکزی ملزم شاہ زین مری بلوچستان فرار ہوگیا تھا۔