لاہور میں فضائی آلودگی میں کمی

لاہور میں فضائی آلودگی میں کمی
محکمہ تحفظ ماحولیات پنجاب کی جانب سے جاری کردہ ایئر کوالٹی انڈیکس کی درجہ بندی کے مطابق بارشوں سے لاہور میں آلودگی کی سطح میں کمی آئی ہے۔ اتوار کی صبح شہر "معتدل آلودہ" کے زمرے میں رہا۔ لاہور کی سندر انڈسٹریل اسٹیٹ میں ایئر کوالٹی انڈیکس (AQI) کی ریڈنگ 129، نیشنل ہاکی اسٹیڈیم مین 154، ٹاؤن ہال میں 123، اور ٹاؤن شپ میں 62 ریکارڈ کی گئی. محکمہ تحفظ ماحولیات پنجاب کی جانب سے شیئر کی گئی تفصیلات کے مطابق راولپنڈی میں 48، رحیم یار خان میں 63 اور فیصل آباد میں 113 ایئر کوالٹی ریڈنگ ریکارڈ کی گئی۔ اے کیو آئی کا حساب آلودگی کی پانچ اقسام کی بنیاد پر کیا جاتا ہے: زمینی سطح اوزون، پارٹکیولیٹ مادہ، کاربن مونو آکسائیڈ، سلفر ڈائی آکسائیڈ، اور نائٹروجن ڈائی آکسائیڈ۔ AQI زیادہ سے زیادہ 151-200 کو غیر صحت بخش سمجھا جاتا ہے، جبکہ 201 سے 300 کے درمیان AQI کی درجہ بندی زیادہ نقصان دہ ہوتی ہے اور 300 سے زیادہ AQI کو انتہائی زہریلا قرار دیا جاتا ہے۔ ماہرین کے مطابق موسم سرما میں فضائی آلودگی میں اضافہ ریکارڈ کیا جاتا تھا۔ ہوا کی رفتار، ہوا کی سمت میں تبدیلی اور کم سے کم درجہ حرارت کے باعث فضائی آلودگی بڑھ جاتی ہے۔ موسم گرما کے مقابلے میں سردیوں میں ہوا بھاری ہو جاتی ہے جس سے فضا میں موجود زہریلے ذرات نیچے کی طرف جاتے ہیں اور فضا آلودہ ہو جاتی ہے۔ نتیجے کے طور پر، آلودہ ذرات کی ایک تہہ جس میں کاربن اور دھوئیں کی بڑی مقدار شامل ہے، شہر کو ڈھانپ لیتی ہے۔
ایڈیٹر

احمد علی کیف نے یونیورسٹی آف لاہور سے ایم فل کی ڈگری حاصل کر رکھی ہے۔ پبلک نیوز کا حصہ بننے سے قبل 24 نیوز اور سٹی 42 کا بطور ویب کانٹینٹ ٹیم لیڈ حصہ رہ چکے ہیں۔