ویب ڈیسک: بھارت کی ریاست اتر پردیش میں ایک عجیب و غریب معاملہ سامنے آیا جہاں شوہر نے اپنی زندہ بیوی کا ڈیتھ سرٹیفکیٹ بنوانے کیلئےدرخواست جمع کروا دی۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق پولیس نے بتایا کہ ضلع شاملی میں ملزم نے بیوی کا ڈیتھ سرٹیفکیٹ بنوانے کی درخواست دی جو دراصل حیات ہے، ملزم کو گرفتار کر کے معاملے کی تحقیقات شروع کر دیں۔
ملزم منگل کے روز نگر پنچایت پہنچا اور شریک حیات کا ڈیتھ سرٹیفکیٹ بنوانے کی درخواست جمع کروائی۔ اس نے متعلقہ افسران کو بتایا کہ میری بیوی مر چکی ہے اور مجھے اس کا ڈیتھ سرٹیفکیٹ بنوانا ہے۔
نگر پنچایت نے تصدیق کیلئے انکوائری کی تو معلوم ہوا کہ درخواست گزار کی اہلیہ حیات اور بالکل صحت مند ہے۔ متعلقہ افسران نے فوری طور پر پولیس میں شکایت درج کروائی۔
پولیس کے مطابق ملزم کے خلاف قانونی کارروائی کی جا رہی ہے، معلوم کرنے کی کوشش کریں گے کہ ملزم نے زندہ بیوی کا ڈیتھ سرٹیفکیٹ بنوانے کی درخواست کیوں جمع کروائی؟
قوی امکان ہے کہ ملزم نے دوسری شادی کرنے یا پھر کسی طرح سے مالی فائدہ حاصل کرنے کیلئے ایسا کیا ہو۔