'ملک دشمن عناصرکو خبردارکرتاہوں باز آجائیں ورنہ آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا'

'ملک دشمن عناصرکو خبردارکرتاہوں باز آجائیں ورنہ آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا'
اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ قوم نے پی ٹی آئی کے دہشتگردانہ رویوں کو یکسر مسترد کردیا، ملک دشمن عناصرکو خبردارکرتاہوں باز آجائیں ورنہ آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا، پی ٹی آئی کے مذموم ایجنڈے کو کسی صورت کامیاب نہیں ہونے دیا جائےگا۔ وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے قوم سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی سیاسی تاریخ بڑی تلخ ہے، ہمیں ماضی سے سبق سیکھنا چاہیے، ہمیں سیاسی انتقام کو ترک کر کے قومی ایجنڈے پر متحد ہونا چاہیے، اتحادی حکومت سیاسی انتقام لینے پر یقین نہیں رکھتی۔ شہباز شریف نے کہا کہ گزشتہ حکومت کے وزراء پریس کانفرنسز میں سیاسی مخالفین کی گرفتاری کا پہلے سے بتا دیتے تھے، رانا ثنا ءاللہ پر 15کلو ہیروئین کا کیس بنایا گیا، عمران نیازی کےدور میں کیس نہیں فیس دیکھا جاتاتھا، گزشتہ حکومت میں ملکی ترقی کا عمل بری طرح متاثرہوا۔ وزیراعظم نے خطاب میں کہا کہ جب نیب قوانین میں ترامیم کی بات کی جاتی تواپوزیشن طعنہ زنی کرتی تھی، نیب کے پچھلے قوانین میں کسی کو بھی ریمانڈ کےنام پر 90دن کیلئے اٹھا لیا جاتاتھا، نیب قوانین میں ترامیم کرکے ریمانڈکو 14روز پر لے آئے، ہم اور ہمارے ساتھی آج بھی نیب کی پیشیاں بھگت رہے ہیں۔ وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ ہمارے خلاف پاکستان میں ہی نہیں بلکہ برطانیہ سے بھی تحقیقات کروائی گئیں، اللہ کےفضل سے بے بنیاد اور جھوٹے مقدمات میں ہم سرخرو ہوئے، ہم نے ہمیشہ قانون کا سامنا کیا اور عدالتوں کے سامنے پیش ہوئے، ہمارے قائد محمد نواز شریف نے 100سے زائد نیب کی پیشیاں بھگتیں، محترمہ بینظیر بھٹو کی شہادت کےبعد بھی پیپلزپارٹی نے صبروتحمل سے کام لیا، پیپلزپارٹی کے اس ردعمل کو سنہری الفاظ میں لکھا جائےگا، سابق صدر آصف علی زرداری نے پاکستان کھپے کا نعرہ لگا کر پاکستانیت کا ثبوت دیا۔ وزیراعظم کا کہنا تھا کہ عمران نیازی کی گرفتاری القادر ٹرسٹ کرپشن کیس میں ہوئی ہے، اس کیس میں قوم کے60 ارب روپے کےمعاملے کو بند لفافے میں طے کیا گیا، عمران خان نے60ارب روپے کے معاملے پراپنی کابینہ کو اندھیرے میں رکھا ۔ شہباز شریف نے مزید کہا کہ عمران نیازی اورپی ٹی آئی نے قانونی طرز عمل اختیا رنہیں کیا، پی ٹی آئی کارکنوں نے جلاؤ گھیراؤ اور تشدد کا راستہ اپنایا، پاک فوج نے اس طرز عمل کو بڑی بردباری سے برداشت کیا، نجی او رسرکاری املاک کو نذرآتش کیاگیا، سڑکو ں کو بلاک اور ایمبولینسز کو روک کر آگ لگائی گئی، اس سارے طرز عمل سے پوری قوم کے جذبات کو ٹھیس پہنچائی گئی۔ وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ عدالت نے قراردیا کہ عمران نیازی کی گرفتاری قانونی تھی، قوم نے پی ٹی آئی کے دہشتگردانہ رویوں کو یکسر مسترد کردیا، ملک دشمن عناصرکو خبردارکرتاہوں باز آجائیں ورنہ آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا، پی ٹی آئی کے مذموم ایجنڈے کو کسی صورت کامیاب نہیں ہونے دیا جائےگا۔

Watch Live Public News

ایڈیٹر

احمد علی کیف نے یونیورسٹی آف لاہور سے ایم فل کی ڈگری حاصل کر رکھی ہے۔ پبلک نیوز کا حصہ بننے سے قبل 24 نیوز اور سٹی 42 کا بطور ویب کانٹینٹ ٹیم لیڈ حصہ رہ چکے ہیں۔