آئی سی سی ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ کے لیے قومی ٹیم کا اعلان ایشیا کپ کے فائنل کے بعد ہوگا۔ رپورٹ:محسن علی دانش ذرائع کا کہنا ہے کہ چیف سلیکٹر محمد وسیم نے ٹیم مینجمنٹ، کپتان اور ڈومیسٹک کوچزز سے مشاورت مکمل کرلی ہے۔ چیف سلیکٹر محمد وسیم قومی ٹیم کا اعلان دو حصوں میں کرنے پر غور کررہے ہیں۔ آئی سی سی کی جانب سے سکواڈ کی فہرست جمع کرانے کی آخری تاریخ 15 ستمبر ہے۔15 ستمبر تک آئی سی سی کی ڈیڈ لائن کو مدنظر رکھتے ہوئے ابتدائی اسکواڈ کا اعلان ہوگا۔ چیف سلیکٹر محمد وسیم ابتدائی طور پر غیر حتمی سکواڈ کا اعلان کرنا چاہتے ہیں جس کے لیے انگلینڈ کے خلاف سات میچوں پر مشتمل ٹی ٹونٹی سیریز میں کراچی کے میچزز سے ٹیم کا جائزہ لینے کے بعد حتمی اعلان کا ارادہ کرنا چاہتے ہیں کیونکہ ورلڈکپ کے لیے اعلان کردہ سکواڈ میں 10 اکتوبر تک تبدیلیاں کی جاسکتی ہیں۔ آخری مرتبہ ورلڈکپ سے قبل بھی آدھی ٹیم کو تبدیل کرنا پڑا تھا اس لیے ابتدائی طور پر غیر حتمی سکواڈ کا اعلان کریں گے تاکہ بعد میں تبدیلیوں کی خفت کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ ذرائع نے بتایا ہے کہ ایشیا کپ کی ٹیم میں چند تبدیلیوں پر چیف سلیکٹر محمد وسیم نے ٹیم مینجمنٹ سے مشاورت کی ہے۔ محمد وسیم مڈل آرڈر، فاسٹ باؤلر آل راؤنڈر اور بیک اپ وکٹ کیپر کے مختلف آپشنز پر غور کررہے ہیں۔ خاص کر شاہین شاہ آفریدی کی واپسی کی صورت میں شاہنواز دھانی اور محمد حسنین میں سخت مقابلہ ہے دیگر فاسٹ باؤلرز میں حارث رؤف، نسیم شاہ، شاہین شاہ آفریدی، وسیم جونیئر شامل ہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ انگلینڈ کے خلاف مڈل آرڈر میں حیدر علی کو متواتر موقع دینے کے ساتھ ساتھ شان مسعود کو ٹیم میں جگہ دینے پر غور کیا جا رہا ہے۔ فخر زمان کے ستارے بھی گردش میں نظر آرہے ہیں جبکہ انجرڈ وسیم جونیئر کی جگہ ٹیم میں آنے والے حسن علی کو بھی ڈراپ کیا جائے گا۔ محمد وسیم مڈل آرڈر میں آسٹریلیا کی کنڈیشنز کو مدنظر رکھتے ہوئے ایک فاسٹ باؤلنگ آل راؤنڈر رکھنے پر غور کررہے ہیں تاہم ذیادہ آپشن نہ ہونے اور فہیم اشرف کے انگوٹھے کی انجری کے بعد وسیم جونیئر پر ہی بطور آل راؤنڈر اکتفا کرنے پر غور جاری ہے جبکہ مسلسل کرکٹ جس میں انگلینڈ سیریز اور نیوزی لینڈ اور بنگلہ دیش کے خلاف ٹرائی سیریز کے بعد ورلڈکپ بھی شیڈول ہے جس کے پیش نظر محمد رضوان کے متبادل وکٹ کیپر پر بھی غور جاری ہے جس میں سرفراز احمد کی نیشنل ٹی ٹونٹی ٹورنامنٹ میں پرفامنس نے چیف سلیکٹر پر کافی پریشر ڈال دیا ہے جب دوسری جانب پہلی متبادل چوائس سمجھے جانے والے محمد حارث کابلا نیشنل ٹی ٹونٹی میں رنز نہیں اگل رہا جس کے بعد سرفراز احمد مضبوط امیدوار ہیں۔