ریاست ہوش کے ناخن لے ملک کو خانہ جنگی کی طرف نہ لے جائیں ، شیر افضل مروت

ریاست ہوش کے ناخن لے ملک کو خانہ جنگی کی طرف نہ لے جائیں ، شیر افضل مروت

(ویب ڈیسک ) پی ٹی آئی رہنما اور ایم این اے شیر افضل مروت کا کہنا ہے کہ   ریاست ہوش کے ناخن لے ملک کو خانہ جنگی کی طرف نہ لے جائیں ، ایک کال کی دیر ہے پھر نا کہنا۔

انسداد دہشت گردی عدالت اسلام آباد میں   شیر افضل مروت  اور دیگر کے خلاف دہشت گردی کی دفعات کے تحت درج مقدمے کی سماعت ہوئی۔ اسلام آباد پولیس نے شیر افضل مروت کو عدالت پیش کر دیا۔

کیس کی سماعت انسداد دہشت گردی عدالت کے جج ابو الحسنات ذولقرنین کر رہے ہیں۔ عدالت پیشی پر شیر افضل مروت نے  کہا کہ  دس ایم این ایز کو گرفتار کیا گیا ہے ۔ ریاست ہوش کے ناخن لیں ملک کو خانہ جنگی کی طرف نہ لے جائے،  ایک کال کی دیر ہے پھر نا کہنا۔

انہوں نے کہا کہ  آئی جی اسلام آباد اور مجسٹریٹ کو شرم آنی چاہیے، پولیس کا غیر قانونی استعمال کرکے انکا امیج خراب کررہے ہیں، سنگجانی کا مقدمہ جو بنایا گیا اس پر آئی جی کو شرم آنی چاہیے۔

کمرہ عدالت میں کارکنوں  کے  شور پر جج اور شیر افضل مروتنے  وکلاء کو خاموش کرنے کی ہدایت  کی۔ جج ابوالحسنات ذولقرنین نے کہا کہ  کوئی شور یا بات نہیں کرے گا وکلا دلائل دیں گے۔

عدالت نے پراسیکیوٹر سے استفسار کیا کہ  ان پر کیا الزام ہے؟، پراسکیوشن نے شیر افضل مروت اور شیخ وقاص پر درج ایف آئی آر پڑھ کر سنائی۔

پراسیکیوٹر راجا نوید نے کہا کہ  رات کے ساڑھے 9 بجے کا واقعہ ہے دہشت گردی کی دفعات کے تحت مقدمہ درج ہوا ہے۔

پراسیکیوٹر کی جانب سے تھانہ سنگجانی میں درج ایف آئی آر کا متن عدالت میں پڑھ کر سنایا۔

پراسیکیوٹر نے کہا کہ  جلسہ مقررہ وقت پر ختم نہیں ہوا ، پولیس اہلکار کی جانب سے منتظمین کو آگاہ کیا گیا ۔ایف آئی آر کے مطابق  جلسہ وقت پر ختم کرنے سے انکار کیا اور کہا کہ جو کرنا ہے کر لو ۔

پراسیکیوٹر نے بتایا کہ  سٹیج سے ریاست مخالف تقاریر جاری رہیں ملزمان مسلح تھے ۔تھانہ سنگجانی اور تھانہ رمنا کے ایس ایچ او کو حبس بے جا میں رکھا۔

شیر افضل مروت نے کہا کہ   پولیس کا کوئی گواہ ہو تو بتائیں آپ کو ریمانڈ چائیے ۔ پراسیکیوٹر نے کہا کہ   شعیب شاہین نے حملہ کیا اور پستول چھین لی۔

شیر افضل مروت نے کہا کہ  اگر کوئی گواہ موجود ہے تو وہ بتائیں میں جرائم مان لوں گا۔ جلسے کی کاروائی پوری دنیا کے سامنے ہے اگر سچے ہیں تو قرآن اٹھا لیں میں مان لوں گا ۔اگر مجسٹریٹ حلف پر کہہ دے تو قسم اٹھا کر کہتا ہوں میرا ریمانڈ دے دیں۔

پولیس نے 5 ایم این ایز کے جسمانی ریمانڈ کی استدعا کردی ۔

Watch Live Public News