روسی صدر پیوٹن کابچوں کی شرحِ پیدائش بڑھانےکیلئےانوکھامشورہ

روسی صدر پیوٹن کابچوں کی شرحِ پیدائش بڑھانےکیلئےانوکھامشورہ
کیپشن: روسی صدر پیوٹن کابچوں کی شرحِ پیدائش بڑھانےکیلئےانوکھامشورہ

ویب ڈیسک: روسی صدر ولادیمیر پیوٹن نے مبینہ طور پر روسی عوام کو مشورہ دیا ہے کہ وہ ملک کی گرتی ہوئی شرح پیدائش پر قابو پانے کیلئے آفس یا کام کی جگہ پر دوپہر کے کھانے اور چائے، کافی کے وقفے کے دوران مباشرت کرلیا کریں۔میڈیا پورٹس کے مطابق پیوٹن کی ہدایت ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب روس کی موجودہ شرح پیدائش تقریباً 1.5 بچے فی عورت ہوچکی ہے، جوکہ آبادی کے تناسب میں استحکام کے لیے درکار 2.1 شرح سے کم ہے۔

یہ بھی پڑھیں: پی ٹی آئی کا جلسہ21  ستمبر :ٹائیں ٹائیں فش یا دما دم مست قلندر؟

یوکرین کے ساتھ جاری جنگ کی وجہ سے بھی روس کی آبادی میں کسی حد تک کمی آئی ہے، اس جنگ کی وجہ سے زیادہ تر نوجوانوں سمیت 10 لاکھ سے زائد لوگ نقل مکانی کر چکے ہیں۔

روس کے وزیر صحت ڈاکٹر یوگینی شیسٹوپالوف نے زور دیا ہے کہ اولاد پیدا کرنے کی راہ میں کام کاج رکاوٹ نہیں ہونا چاہیے، لہٰذا روس کے عوام افزائش نسل کے لیے دوپہر کے کھانے اور چائے، کافی کے وقفوں سے فائدہ اٹھائیں۔

اُن کا کہنا تھا کہ 'کام کاج میں مصروف ہونا کوئی معقول وجہ نہیں ہے بلکہ محض ایک بہانہ ہے، آپ کام کاج کے دوران بھی بچے پیدا کرنے کے عمل میں مشغول ہوسکتے ہیں، آپ کو معلوم ہونا چاہیے کہ زندگی بہت تیزی سے گزر جاتی ہے'۔

 اُن سے سوال کیا گیا کہ طویل وقت تک کام کاج میں مصروف لوگ اس تجویز پر کیسے عمل کر سکتے ہیں؟ جواب میں اُن کا کہنا تھا کہ ایسے لوگ وقفے (بریک ٹائم) کے دوران مباشرت کرلیں'۔

واضح رہے کہ روس میں گرتی ہوئی شرح پیدائش پر قابو پانے کے لیے حکومت کی جانب سے کئی دیگر اقدامات بھی تجویز کیے جاچکے ہیں۔

روس میں 18 سے 40 سال کی عمر کے درمیان خواتین کی حوصلہ افزائی کی جاتی ہے کہ وہ اپنی تولیدی صحت اور صلاحیت کا جائزہ لینے کے لیے مفت 'فرٹیلیٹی اسکریننگ' کروائیں۔

روس کے علاقے چیلیابنسک میں حکام نے شرح پیدائش کو بڑھانے کے لیے مالی مراعات بھی متعارف کروائی ہیں، 24 سال سے کم عمر کی خواتین کو ان کے پہلے بچے کی پیدائش پر 1.02 لاکھ روبل (3 لاکھ پاکستانی روپے) ادا کیے جاتے ہیں۔

روس میں اسقاط حمل تک رسائی کو تیزی سے محدود کیا جا رہا ہے، عوامی شخصیات اور مذہبی رہنما اس بات کی وکالت کرتے نظر آتے ہیں کہ عورت کی بنیادی ذمہ داری بچے پیدا کرنا اور ان کی پرورش کرنا ہے، علاوہ ازیں طلاق کی فیس بھی مہنگی کردی گئی ہے۔

رواں ماہ کے آغاز میں جاری سرکاری اعداد و شمار کے مطابق روس میں 2024 کی پہلی ششماہی کے دوران شرح پیدائش گزشتہ 25 برس کی کم ترین سطح پر ریکارڈ کی گئی ہے۔

Watch Live Public News