لاہور (پبلک نیوز) سمارٹ موبائل تو مہنگے تھے ہی اب اسسریز کی قیمتوں کو بھی پر لگ گئے ہیں۔ کورونا سے فلائٹس آپریشن متاثر ہونے سے کارگو کے کرایوں میں 3 گنا اضافہ ہو گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق حکومت غریب عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے بجائے ان کی مشکلات میں مزید اضافہ کررہی ہے۔ پیٹرول، اشیائے ضرورت اور موٹرسائیکل کے بعد درآمدی موبائل اسسریز کے نرخوں میں 70 سے 100 فیصد تک اضافہ ہوگیا ہے۔
ہینڈ فری، چارجرز، بیٹری،سکرین پروٹیکٹرز موبائل کورز، ڈیٹا کیبل کی قیمت میں اضافہ ہوگیا ہے۔ اسسریز کے ریٹس بڑھنے کی بڑی وجہ ائیر کارگو کے کرایوں میں اضافہ ہے۔ 100 روپے والا موبائل کور 200 روپے جبکہ 120 والی ہینڈ فری 220 روپے میں دستیاب ہے۔
200 روپے والی موبائل بیٹری کی قیمت 350 روپے تک پہنچ گئی ہے۔ 100روپے میں باآسانی دستیاب گلاس پروٹیکٹر اب 180 روپے میں فروخت ہو رہا ہے جبکہ 200 روپے والا چارجر 350 روپے کا ہوگیا ہے۔ تاجروں کا کہنا تھا کہ حکومتی امپورٹ پالیسی بھی قیمتوں میں اضافے کی ایک وجہ ہے۔