لاہور: (ویب ڈیسک) پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما و سینیٹر سکندر میندھرو امریکہ میں انتقال کرگئے ہیں۔ ذرائع کے مطابق پاکستان پیپلزپارٹی رہنما اور سینیٹرسکندر میندھرو کینسر کے عرضے میں مبتلا تھے،سکندر میندھرو دو ماہ سے امریکہ کے اسپتال میں زیر علاج تھے۔ اہلخانہ کا کہنا ہے کہ منگل تک ان کی میت پاکستان لائی جائے گی۔ ڈاکٹر سکندر میندھرو کا تعلق ضلع بدین سے ہے، سکندر میندھرو 7 جولائی 1943 کو بدین میں پیدا ہوئے، ڈاکٹر سکندر میندرو سینیٹ کے رکن تھے، ڈاکٹر سکندر میندھرو 2018 میں سینیٹ کے رکن منتخب ہوئے،اس کے علاوہ سکندر میندھرو سندھ کے وزیر مذہبی امور اور وزیر عشر و زکات بھی رہے ہیں ۔ڈاکٹر سکندر میندرو صوبائی وزیر صحت بھی رہے۔ سکندر میندھرو ذوالفقار علی بھٹو کے قریبی ساتھی تھے۔ وزیر خارجہ اور چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے پی پی پی کے سینیٹر ڈاکٹر سکندر میندھرو کے انتقال پر اظہارِ رنج و غم کیا ، پی پی پی چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے سوگوار خاندان سے تعزیت و ہمدردی کا اظہار بھی کیا۔ بلاول بھٹو نے کہا کہ ڈاکٹر سکندر میندھرو کے انتقال سے پارٹی ایک سچے جیالے اور قابل پارلیمنٹرین سے محروم ہوگئی، دعا ہے، اللہ تعالیٰ مرحوم کو جنت الفردوس اور لواحقین کو صبر جمیل عطا فرمائے۔