پبلک نیوز: بلتستان کے علاقے منی مرگ میںپاک فوج کا ریسکیو آپریشن جاری ہے۔
تفصیلات کے مطابق گلگت بلتستان میں پاک فوج کے بروقت بڑے ریسکیو آپریشن نے مدثر حسین کی جان بچا لی، 26 سالہ مدثر حسین برزل پاس کے قریب اسکیئنگ کر رہا تھا کہ پھسل کر ایک ٹانگ دو جگہ سے فریکچر ہو گئی۔
پاک آرمی کے بہادر جوانوں نے مدثر حسین کو ریسکیو کر کے منی مرگ میں واقع آرمی فیلڈ ہسپتال پہنچایا جہاں اسے ابتدائی طبی امداد فراہم کی گئی۔
نوجوان کی ٹانگ دو جگہ سے ٹوٹی ہوئی تھی جس کے علاج کیلئے آرمی ہیلی کاپٹر کے ذریعے اسے اسکردو پہنچایا گیا جہاں اس کی کامیاب سرجری کر دی گئی۔
مدثر حسین کے والد نے پاک فوج کی بروقت مدد اور ریسکیو آپریشن کو بھرپور سراہا اور کہا کہ میرا بیٹا اسکیئنگ کرتے وقت گر گیا جس سے اس کی ایک ٹانگ دو جگہوں سے ٹوٹ گئی، پاک آرمی کے جوان بروقت پہنچ کر میرے بیٹے کو ہسپتال لے گئے جہاں اس کو ابتدائی طبی سہولیات مہیا کی گئی۔
مدثر حسین کے والد کا کہنا تھا کہ اسپتال کے ڈاکٹر نے بتایا کہ میرے بیٹے کی ٹانگ میں راڈ لگے گی جس کے لیے اسے اسکردو کے اسپتال لے جایا جائے، پاک فوج کے جوان میرے بیٹے کو ہیلی کاپٹر سے گلگت کے ہاسپٹل لے کر گئے اور وہاں اس کو طبی سہولیات دی گئی۔
انہوں نے مزید کہا کہ پاک آرمی نے اس مشکل گھڑی میں بھی ہماری بھرپور مدد کی اور میرے بیٹے کی جان بچائی، پاک فوج کے جوانوں نے اپنی جان پر کھیل کر بڑی قربانی دی اور میرے بیٹے کی جان بچائی، اللہ تعالی آرمی کی جوانوں کو اپنے حفظ و امان میں رکھے اور کامیاب کرے۔