اسلام آباد ( پبلک نیوز) وزیرِ اعظم عمران خان سے وزیرِ اعظم آزاد جموں کشمیر سردار عبدالقیوم نیازی کی ملاقات، آزاد کشمیر کی مجموعی صورتحال اور آئندہ کیلئے تعمیر و ترقی کے لائحہ عمل پر گفتگو۔ اس موقع پر وزیرِ اعظم عمران خان نے سردار عبدالقیوم نیازی کو وزارتِ عظمیٰ کے لیے منتخب ہونے پر مبارکباد دی۔ وزیرِ اعظم آزاد کشمیر سردار عبدالقیوم نیازی نے ان پر اعتماد کرنے پر وزیرِ اعظم عمران خان کا شکریہ ادا کیا۔ وزیرِ اعظم آزاد کشمیرنے کہا کہ ان کی حکومت کی ترجیح جہاں آزاد جموں و کشمیر کے عوام کے مسائل کا حل ہے وہاں سرحد پار اپنے ان بہن بھائیوں کے مسائل کو عالمی سطح پر اجاگر کرنے کے لیے بھی ہر ممکنہ کوشش کرنا ہے جو بھارت کے غیر قانونی تسلط میں بے پناہ مسائل کا شکار اور صعوبتیں برداشت کر رہے ہیں۔ وزیرِ اعظم عمران خان نے اس موقع پر کہا کہ پاکستان کی حکومت اور عوام کشمیریوں کے حقِ خود ارادیت کے حصول کی جدوجہد میں ان کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑے ہیں اور بھارتی ظلم و بربریت کے خلاف ہر فورم پر آواز اٹھاتے رہیں گے۔