(ویب ڈیسک ) بیروت سے 318 پاکستانی شہری چارٹرڈ طیارے کے ذریعے پاکستان روانہ ہوگئے۔
خیال رہے کہ وزیراعظم نے پاکستانی شہریوں کے انخلاءکے لئے لبنان کے وزیراعظم کے ساتھ رابطہ کیا تھا۔
وزیراعظم کی کوششوں کے باعث پاکستانی شہریوں کا براستہ بیروت انخلاءممکن ہوا۔ بیروت ایئر پورٹ پر پاکستان کے سفیر نے پاکستانی شہریوں کو رخصت کیا۔
چارٹرڈ طیارہ 13 دسمبر کی درمیانی شب اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر پہنچے گا۔ پاکستان پہنچنے پر وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال استقبال کریں گے۔
وزیراعظم آفس، وزارت خارجہ، وزارت سمندر پار پاکستانیز اور این ڈی ایم اے کے نمائندے بھی وطن واپس لوٹنے والے پاکستانی شہریوں کا استقبال کریں گے۔
وزارت سمندر پار پاکستانیز کی جانب سے پاکستانی شہریوں کی سہولت کے لئے خصوصی سہولت ڈیسک کا قیام کیا گیا ہے۔مسافروں کے لئے ریفرشمنٹ کا بھی انتظام کیا گیا ہے۔
ترجمان وزارت منصوبہ بندی کا کہنا ہے کہ حکومت پاکستان بیرون ملک شہریوں کی بحفاظت وطن واپسی میں سہولت فراہم کرنے کے لئے ہر ممکن اقدامات اٹھا رہی ہے۔