انگلینڈ نے پاکستان کو دوسرے ٹیسٹ میچ میں 26 رنز سے شکست دے دی اور سیریز اپنے نام کر لی۔ پاکستانی ٹیم کو 355 رنز کا ہدف دیا گیا قومی ٹیم دیئے گئے ہدف کے تعاقب میں 328 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی ، قومی ٹیم کی طرف سے سعود شکیل نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 94 رنز کی اننگز کھیلی۔انگلینڈ کی جانب سے کی مارک ووڈ نے قومی ٹیم کے 4 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ میزبان ٹیم پاکستان کے فہیم اشرف اور سعود شکیل نے جیت کے تعاقب میں چوتھے روز کے کھیل کا آغاز 198رنز 4 کھلاڑیوں کے آؤٹ سے کیا۔ابرار احمد نے 17 رنز بنائے جس میں 4 چوکے بھی شامل تھے۔ ٹیسٹ کے تیسرے روز کے اختتام پر کریز پر سعود شکیل اور فہیم اشرف موجود تھے، دونوں کے رنز بالترتیب 3 اور 54 تھے۔عبداللہ شفیق کے ہمراہ اوپننگ کیلئے آنے والے محمد رضوان 30 رنز بنا کر جیمز اینڈرسن کی گیند پر بولڈ ہوئے جبکہ قومی ٹیم کے کپتان بابر اعظم 1 رن پر آوٹ ہوگئے۔ عبداللہ شفیق کو 45 رنز پر مارک ووڈ نے بولڈ کر دیا، دائیں ہیمسٹرنگ میں تکلیف کی وجہ سے ایم آر آئی کروا کر اسٹیڈیم واپس آنے والے امام الحق 60 رنز بنا کر جیک لیچ کا شکار بنے ۔ اس سے قبل تیسرے روز مہمان ٹیم دوسری اننگز میں 275 رنز بنا کر آؤٹ ہوئی تھی جبکہ پاکستان کو جیتنے کیلئے 355 رنز کا ہدف دیا گیا تھا۔ ٹیسٹ کے دوسرے روز انگلینڈ کے کھلاڑی زیک کرالی 3، ول جیکس 4، بین ڈکٹ 79 ، اولی پوپ 4 اور جو روٹ 21 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے۔ ابرار احمد نے 3 وکٹیں حاصل کیں جبکہ اولی پوپ اور زیک کرالی کو رن آؤٹ کیا گیا تھا . انگلینڈ کی طرف سے بین اسٹوکس 16 اور ہیری بروک 74 رنز بنا کر کریز پر موجود رہے۔ اس سے قبل پاکستانی ٹیم پہلے سیشن میں انگلینڈ کے 281 رنز کے جواب میں محض 202 رنز بناکر آل آؤٹ ہوگئی ۔ قومی ٹیم نے 2 وکٹوں کے نقصان پر 107 سے اننگز کا آغاز کیا لیکن پاکستان کے 8 بیٹرز دوسرے روز محض 95 رنز مجموعی اسکور میں جوڑ سکے۔کپتان بابراعظم 75 ، محمد رضوان 10، سعود شکیل 63 ، آغا سلمان 4، محمد نواز 1 جبکہ محمد علی صفر پر آؤٹ ہوگئے ، فہیم اشرف 22، زاہد محمود صفر جبکہ ابرار احمد نے ناقابل شکست 7 رنز سکور کئے۔ انگلینڈ کی جانب سے جیک لیچ نے 4، جو روٹ نے 2 جب کہ اولی روبنسن اور جیمز اینڈرسن نے ایک ایک وکٹ لی۔ پاکستانی مداحوں کے لیے ملتان ٹیسٹ کا پہلا روز کافی اچھا رہا ہے کیونکہ ڈیبیو کرنے والے ابرار احمد نے انگلش ٹیم کے 7 کھلاڑیوں کو آوٹ کیا تھا ، ڈیبیو ٹیسٹ میں جن بیٹرز کو آؤٹ کیا ان میں بین ڈکٹ 63، زیک کرالی 19، جو روٹ 8، اولی پوپ 60، ہیری بروک 9، کپتان بین اسٹوکس 30 اور ول جیکس 31 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے تھے۔ علاوہ ازین زاہد محمود نے جیک لیچ ، جیمز اینڈرسن اور اولی روبنسن کی وکٹیں حاصل کیں۔ قومی ٹیم کی بیٹنگ کے آغاز پر عبداللہ شفیق 14 جبکہ اوپنر امام الحق صفر پر آؤٹ ہوئے۔ سعود شکیل اور کپتان بابراعظم نے 90 رنز کی پارٹنرشپ قائم کی تاہم بابراعظم 75 رنز بناکر آؤٹ ہوئے تھے۔