کیا مہنگا ہو گا کیا سستا؟ 18 ہزار 900 ارب روپے کا وفاقی بجٹ آج پیش کیا جائے گا

کیا مہنگا ہو گا کیا سستا؟ 18 ہزار 900 ارب روپے کا وفاقی بجٹ آج پیش کیا جائے گا
کیپشن: کیا مہنگا ہو گا کیا سستا؟ 18 ہزار 900 ارب روپے کا وفاقی بجٹ آج پیش کیا جائے گا

ویب ڈیسک:  وفاقی حکومت ساڑھے 18 ہزار ارب روپے سے زائد کا 2024-25کا بجٹ آج پیش کرے گی، قومی اسمبلی کا اجلاس 4 بجے طلب کر لیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق وزیر خزانہ محمد اورنگزیب آج بجٹ پیش کریں گے، بجٹ پیش کرنے سے قبل وفاقی کابینہ کے اجلاس میں بجٹ کی منظوری لی جائے گی، وفاقی بجٹ میں دفاع کیلئے 21 سو ارب روپے، قرضوں پر سود کی ادائیگیوں کیلئے 97 سو ارب رکھے گئے ہیں، حکومت نے آئندہ مالی سال کے دوران ترقیاتی منصوبوں کیلئے 1500 ارب روپے مختص کیے ہیں۔

بجٹ میں توانائی کے شعبے کیلئے 253 ارب، انفرا سٹرکچر کیلئے 827 ارب روپے، توانائی شعبے کیلئے 800 ارب سبسڈی، واٹر ریسورسز کیلئے 206 ارب، ٹرانسپورٹ اور مواصلات کیلئے 279 ارب روپے مختص کیے ہیں، بجٹ میں جی ڈی پی گروتھ کا ہدف 3.6 فیصد مقرر کیا گیا ہے۔

سرکاری ملازمین کی تنخواہوں،پنشن اور الاؤنسز میں اضافےکی تجویز

آئندہ مالی سال کے بجٹ میں سرکاری ملازمین کی تنخواہوں،پنشن اور الاؤنسز میں اضافے کی تجویز ہے جبکہ چھوٹے گریڈ کے ملازمین اور پنشنرز کو ریلیف ملنے کا بھی امکان ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ اگلے وفاقی حکومت نے آئندہ مالی سال 2024-25 میں سرکاری ملازمین کی ریٹائرمنٹ کیلیے عمر کی حد بڑھا کر62 سال کرنے اور قومی خزانے پر پنشن بل کا بوجھ کم کرنے کیلئے جامع پنشن اصلاحات متعارف کروانے کا اصولی فیصلہ کیا ہے۔

امپورٹڈ موبائل فون پر ٹیکس اور جی ایس ٹی مزید بڑھانے کی تجویز 

ذرائع کے مطابق آئندہ مالی سال کے بجٹ میں امپورٹڈ موبائل فون پر ٹیکس اور جی ایس ٹی مزید بڑھانے کی تجویز و سفارش کی گئی ہے جبکہ ترقیاتی بجٹ میں 1012 ارب روپے کے اضافے کی سفارش کی گئی ہے جبکہ ترقیاتی منصوبوں کیلئے3792 ارب روپے مختص کیے جانے کا امکان ہے۔

12 ہزار 970 ارب روپے ٹیکس اکٹھا کرنے کا ہدف مقرر

آئندہ مالی سال ایف بی آر کیلئے 12 ہزار 970 ارب روپے ٹیکس اکٹھا کرنے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے، ایف بی آر کو 3720 ارب روپے کا اضافی ریونیو جمع کرنا ہو گا، رواں مالی سال کی نسبت ڈائریکٹ ٹیکس 3452 ارب اور کسٹمز ڈیوٹی 267 ارب روپے زائد ہو گی۔

ان لینڈ ریونیو کے ٹیکسز کا حجم 11 ہزار 379 ارب، ڈائریکٹ ٹیکسز کا حجم 5 ہزار 512 ارب روپے ہو گا، انکم ٹیکس کا حجم 5 ہزار 454 ارب، انکم ٹیکس حجم میں اضافی 1773 ارب روپے کا ہدف دیا گیا ہے، 2500 ارب روپے کے ریونیو اقدامات بھی پہلی بار متعارف کرائے ہیں۔

رواں سال صحت پر جی ڈی پی کا 1 فیصد خرچ کیا گیا: اقتصادی سروے

بجٹ سے پہلے جاری ہونے والے اقتصادی سروے کے مطابق رواں مالی سال میں صحت کے شعبے پر جی ڈی پی کا صرف 1 فیصد خرچ کیا گیا، دوران زچگی بچوں کی اموات کی شرح میں کمی آئی، ملک میں رجسٹر ڈاکٹروں کی تعداد 2 لاکھ 99 ہزار 113 تک پہنچ گئی، نرسز کی تعداد 1 لاکھ 27 ہزار 855 ہو گئی، دائیاں 46 ہزار 110، لیڈی ہیلتھ ورکرز 24 ہزار 22 ہیں۔

اقتصادی سروے کے مطابق ملک کی کل آبادی میں 807 افراد کیلئے صرف ایک ڈاکٹر میسر ہے، 6 ہزار 702 افراد کیلئے ایک ڈینٹسٹ دستیاب ہے، خواندگی کی شرح 62.8 فیصد ریکارڈ کی گئی، سکول سے باہر بچوں کی تعداد میں بلوچستان سر فہرست ہے، بلوچستان میں 47 فیصد بچے سکولوں سے باہر ہیں، سندھ میں 44، خیبرپختونخوا میں 32، پنجاب میں 24 فیصد بچے سکول نہیں جاتے۔

بجٹ پر اعتماد میں نہیں لیا گیا، پیپلز پارٹی کا تحفظات کا اظہار

دوسری جانب سابق وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری کی سربراہی میں پیپلز پارٹی کی پارلیمانی پارٹی کا اجلاس ہوا جس میں ارکان اسمبلی نے بجٹ سے متعلق تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ جن شرائط پر شہباز حکومت کی حمایت کی ان پر ابھی تک عمل درآمد کے منتظر ہیں۔

صدرمملکت کی وزیراعظم سے ملاقات،اہم فیصلے

اُدھر بجٹ کے حوالے سے وزیراعظم اور صدر مملکت آصف علی زرداری کی اہم ملاقات ہوئی، جس میں آصف زرداری نے بجٹ میں تعاون کی یقین دہانی کرائی جبکہ اس بیٹھک میں غریب عوام کو ریلیف دینے سے متعلق بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔