مقبوضہ کشمیر کا معاملہ، وزیرخارجہ کا اقوام متحدہ کو خط

مقبوضہ کشمیر کا معاملہ، وزیرخارجہ کا اقوام متحدہ کو خط
وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے اقوام متحدہ پر زور دیا ہے کہ وہ مقبوضہ کشمیر میں مسلمانوں کی نمائندگی کا تناسب کم کرنے کی بھارتی کوششوں کا نوٹس لے۔ تفصیل کے مطابق وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے صدر اور اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کو خط لکھا ہے جس میں بھارت کے غیر قانونی زیرقبضہ جموں وکشمیر میں غیرقانونی حد بندیوں کے ذریعے مسلمانوں کی نمائندگی کا تناسب کم کرنے کے مذموم منصوبے کا فوری نوٹس لینے کا مطالبہ کیا گیا ہے ۔ انہوں نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل پرزوردیا کہ وہ بھارت کو یاد دلائے کہ جموں وکشمیر عالمی طورپر متنازعہ علاقہ ہے اور وہ مقبوضہ علاقے میں آبادی کاتناسب تبدیل کرنے کے غیرقانونی کام سے گریز کرے۔ بلاول بھٹو زرداری نے مطالبہ کیاکہ مقبوضہ جموں وکشمیر کے عوام کو اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق صاف شفاف استصواب رائے کے ذریعے اپنے مستقبل کے تعین کی اجازت دی جائے۔ انہوں نے مقبوضہ علاقے میں بھارت کی جانب سے انسانی حقوق کی بڑے پیمانے پر خلا ف ورزیوں کواجاگر کیا اور بھارت کی ان کوششوں کی جانب خصوصی توجہ دلائی جس کا مقصد کشمیری آبادی کو مزید بے اختیار کرنا اور آبادی کے تناسب کو تبدیل اورتقسیم کرنا ہے۔

Watch Live Public News

ایڈیٹر

احمد علی کیف نے یونیورسٹی آف لاہور سے ایم فل کی ڈگری حاصل کر رکھی ہے۔ پبلک نیوز کا حصہ بننے سے قبل 24 نیوز اور سٹی 42 کا بطور ویب کانٹینٹ ٹیم لیڈ حصہ رہ چکے ہیں۔