لاہور: صدرمملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ کوشش ہے عمران خان اور اسٹیبلشمنٹ میں معاملات بہتر ہوں، مفاہمت کے ساتھ الیکشن کی طرف جانے میں حرج ہی کیا ہے؟۔ صدر عارف علوی نے لاہور میں صحافیوں سے ملاقات کی ، اس دوران انہوں نے کہا کہ آرمی چیف کی تعیناتی پر آئین مشاورت کی اجازت نہیں دیتا، اگر مشاورت ہو جائے تو کوئی مضائقہ نہیں۔ صدر مملکت نے کہا کہ کوشش ہے عمران خان اور اسٹیبلشمنٹ کے درمیان معاملات بہتر ہوں، معاملات بہتر کرنے میں جو ادارے موثر ہیں ان سے گفتگو چل رہی ہے۔ صدرمملکت عارف علوی نے کہا کہ جلد الیکشن ہوجائیں تو بہتر ہے، مفاہمت کے ساتھ الیکشن کی طرف جانے میں کیا حرج ہے، ہرکام عدلیہ پر ڈالتے ہیں فیصلہ آجائے تو مانتے نہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ جمہوریت اداروں کی وجہ سے ہی چلتی ہے، ادارے سیاسی طور پر استعمال ہو رہے ہیں، نیب کے قانون کا سیاسی استعمال غلط تھا۔ صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے مزید کہا کہ پاکستان کسی ملک، خصوصاً بڑے ملکوں سے تعلقات خراب نہیں کرنا چاہتا، خوشی ہے کہ ہمارے ہاں جمہوریت چل رہی ہے۔