ویب ڈیسک:سٹی ٹریفک پولیس نے 13اگست کی رات اور 14اگست کے روزشہریوں کو ٹریفک کی بہترین سہولیات دینے اور ون ویلنگ کیخلاف کریک ڈاؤن کیلئے ٹریفک پلان جاری کر دیا۔
تفصیلات کے مطابق سی ٹی او لاہور عمارہ اطہر نے کہا ہے کہ روڈ بلاکنگ، کرتب دیکھانے اور خصوصاً فیملز سے چھیڑ چھاڑ کرنے والے کسی رعائت کے مستحق نہیں ہونگے،جشن آزادی کا ہرگز مطلب نہیں کہ ٹریفک قوانین سے بھی آزادی حاصل ہو،ون ویلرز اور اسکے سہولت کار موٹر مکینک دونوں کے خلاف مقدمہ درج ہوگا،ون ویلرز کی موٹرسائیکل تیار کرنے والا مکینک بھی جیل کی ہوا کھائے گا۔
سی ٹی او لاہور کا کہنا ہے کہ جشن آزادی پر صوتی آلودگی،بغیر سائیلنسر،بفل نکالنے والے ہلڑبازوں کےخلاف بھی مقدمہ درج ہوگا،18 سال سے کم عمر ڈرائیورز کی موٹرسائیکلیں تھانوں،ٹریفک سیکٹرز میں بند کروایا جائے گا،بغیر ہیلمٹ اور تیز رفتاری سمیت 19 دیگر ٹریفک خلاف ورزیوں پر آرٹیفشل انٹیلیجنس سسٹم سے کارروائی جاری رہے گی۔مصروف اور اہم شاہراہوں پر 50 سے زائد عارضی ناکے قائم ہونگے۔
عمارہ اطہر نے کہا ہے کہ 13 اور 14 اگست کو ایس پیز کی سپرویژن میں 12 ڈی ایس پیز، 600 سینئر ٹریفک وارڈنز تعینات ہونگے،22 لفٹر،03 بریک ڈاؤنز،03 ہزار سے زائد ٹریفک اہلکار فرائض سرانجام دیں گیں،تعریفی و تاریخی مقامات، پبلک پارک، آزادی فلائی اوور، ڈیفنس میں اضافی نفری تعینات ہوگی،ٹریفک لوڈ بڑھنے پر مال روڈ کی تمام کراسنگ کو بند کردیا جائے گا،سیف سٹی کیمروں کی مدد سے لمحہ بہ لمحہ سرویلنس کی جائے گی۔
عمارہ اطہر نے کہا ہے کہ سیف سٹی میں مانیٹرنگ، ایمرجنسی و ٹریفک ریسپانس ڈیسک بھی قائم کیا گیا ہے۔ضلعی پولیس کے تعاون سے249 مقامات پر ناکے لگائے جائیں گیں،مجموعی طور پر 58اسپشل اینٹی ون ویلنگ اسکواڈز بھی تیار ہے،ہلڑ بازوں کو قابو کرنے کیلئے 11 مقامات پر جیل وینز بھی موجود ہونگیں۔
سی ٹی او لاہور نے مزید کہا کہ شہریوں کی فوری مدد اور ٹریفک کی روانی کےلئے تمام ڈی ایس پیز کو ایک ایک ایمرجنسی اسکواڈ بھی فراہم کیا جائے گا،حضوری باغ، گریٹر اقبال پارک، پنجاب اسمبلی، لبرٹی مارکیٹ کےلئے خصوصی ٹریفک پلان بھی تیار کیا گیا ہے،واہگہ باڈر، ایوان اقبال، جیلانی پارک سمیت 94 مقامات پر اضافی نفری تعینات ہوگی۔