واٹس ایپ میسنجر کی جانب سے صارفین کی آسانی کیلئے اب تصاویر، ویڈیوز اور کسی بھی قسم کے میڈیا کو فارورڈ کرنے کے ساتھ ایک نیا فیچر متعارف کروایا گیا ہے۔ واٹس ایپ بیٹا انفو کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ اس فیچر کے تحت صارفین اب تصاویر، ویڈیوز ، گرافکس انٹرچینج فارمیٹ (GIF) اور ڈاکیومنٹس کو فارورڈ کرتے ہوئے 'کیپشن' بھی درج کرسکیں گے۔ خیال رہے کہ اس سے پہلے یہ فیچر ویب ورژن کے صارفین کیلئے متعارف کرایا گیا تھا۔ اس نئے فیچر کے بعد اب اگر آپ ویڈیو ، تصاویر ایک چیٹ سے دوسری چیٹ میں بھیجنا چاہتے ہیں تو اس کے ساتھ 'کیپشن' لکھا جا سکے گا۔اس کےعلاوہ صارفین چاہے تو لکھا ہوا کیپشن ڈیلیٹ کرکے دوبارہ نیا کیپشن بھی درج کرسکے گا۔ واٹس ایپ کی جانب سے یہ فیچر اینڈرائیڈ کے 2.23.2.2 ورژن استعمال کرنے والے صارفین کیلئے متعارف کرایا گیا ہے، یہ فیچر صارفین واٹس ایپ اپ ڈیٹ کرنے کے بعد استعمال کرسکتے ہیں۔