عمران خان ضمنی الیکشن کوجہاد سے تشبیہ دے رہے ہیں، شیری رحمان

عمران خان ضمنی الیکشن کوجہاد سے تشبیہ دے رہے ہیں، شیری رحمان
نائب صدر پیپلز پارٹی سینیٹر شیری رحمان نے کہا ہے کہ آج کل عمران خان ضمنی انتخابات کو بھی جہاد سے تشبیہ دے رہے ہیں، وہ اپنے سیاسی مقاصد کے لئے لوگوں کو گمراہ کر رہے ہیں۔ وفاقی وزیر شیری رحمان نے اپنے خیالات کا اظہار ٹوئیٹ کے ذریعے کیا جس میں انہوں نے لکھا کہ عمران خان کے دور میں ہی پاکستان کا کرپشن انڈیکس میں نام 117 ویں سے 140 ویں نمبر پر آ گیا۔ لیکن وہ خود کو حق اور مخالفین کو چور ڈاکو ثابت کرنا چاہتے ہیں ، یہ لوگوں کو اپنی سیاست کیلئے جلائو گھیرائو پر اکساتے ہیں، لیکن خود ان میں اتنی جرات نہیں کہ دھاندلی کا الزام لگاتے وقت کسی کا نام لیں۔ انہوں نے مزید لکھا کہ کبھی کہتے ہیں مسٹر ایکس دھاندلی کر رہا ہے اور کبھی کہتے ہیں مسٹر وائی دھاندلی کر رہا ہے، یہ کیسا جہاد ہے جس میں عمران خان اشاروں میں بات کر رہےہیں ؟ انتخابات میں دھاندلی کا الزام لگانے سے پہلے عمران خان کو 35 پنکچر کے بیان پر معافی مانگنی چاہیے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ مسٹر ایکس اور مسٹر وائی کا بیان بھی 35 پنکچر کی طرح "سیاسی" ثابت ہوگا اور انتخابات کے بعد عمران خان کہیں گے ان کو کسی نے کہا تھا، لحاظہ وہ ایک "سیاسی بیان" تھا۔

Watch Live Public News

ایڈیٹر

احمد علی کیف نے یونیورسٹی آف لاہور سے ایم فل کی ڈگری حاصل کر رکھی ہے۔ پبلک نیوز کا حصہ بننے سے قبل 24 نیوز اور سٹی 42 کا بطور ویب کانٹینٹ ٹیم لیڈ حصہ رہ چکے ہیں۔