لاہور: (اے پی پی) ملک میں گزشتہ ہفتے کے مقابلے میں رواں ہفتے کے اختتام پر روزمرہ استعمال کی 6 اشیا کی قیمتوں میں کمی اور 15 کی قیمتوں میں استحکام رہا۔ پاکستان بیور وبرائے شماریات کی جانب سے قیمتوں کے حساس اعشاریہ (ایس پی آئی) بارے ہفتہ وار رپورٹ کے مطابق گزشتہ ہفتہ کے دوران چینی کی قیمت میں 9.35 فیصد، دال ماش 0.45 فیصد، دال مونگ 0.42فیصد، دال چنا 0.29 فیصد آٹا کے تھیلے میں 0.26 فیصد اورلہسن کی قیمت میں 0.04 فیصد کی کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔ رپورٹ کے مطابق 11 نومبر2021 کو ختم ہونے والے ہفتہ کے دوران مشترکہ آمدنی رکھنے والے گروپ کیلئے قیمتوں کے حساس اشاریہ میں مجموعی طورپر1.81 فیصد اضافہ ریکارڈکیاگیاہے۔ گزشتہ ہفتہ کے دوران ٹماٹر کی قیمت میں 18.70 فیصد، ڈیزل 6.04 فیصد، پیٹرول 5.78 فیصد، کوکنگ آئل 5 لیٹر4.27 فیصد، بناسپتی گھی ڈھائی کلوگرام 3.37 فیصد، بناسپتی گھی ایک کلو3.28 فیصد، کیلا 3.04 فیصد، روٹی 2.84 فیصد، سب سے کم آمدنی رکھنے والے گروپ کیلئے بجلی کی قیمت میں 2.74فیصد، انڈے 1.82 فیصد، آلو1.77 فیصد، واشنگ سوپ 1.58 فیصد، پیاز1.51 فیصد، انرجی سیور1.30 فیصد اورسرسوں کے تیل کی قیمت میں 1.21 فیصد کا اضافہ ہواہے۔ سالانہ بنیادوں پرپیاز کی قیمت میں 40.40 فیصد، دال مونگ 30.50 فیصد، چینی 2.22 فیصد اوردال ماش کی قیمت میں 1.50 فیصد کی کمی ریکارڈکی گئی ہے۔ سب سے کم یعنی 17,732 روپے ماہوارآمدنی رکھنے والے گروپ کیلئے قیمتوں کے حساس اشاریہ میں 1.55 فیصدکااضافہ ہواہے۔17733 روپے سے لیکر22888 روپے، 22889 روپے سے لیکر29517 روپے، 19518 روپے سے لیکر44175 روپے اوراس سے زائد ماہوارآمدنی رکھنے والے گروپوں کیلئے قیمتوں کے حساس اشاریہ میں بالترتیب 1.81 فیصد، 1.69 فیصد، 1.69 فیصد اور1.79فیصدکا اضافہ ہوا ہے ۔ قیمتوں کے حساس اشاریہ کا تعین ملک کے 17 شہروں کی 50مارکیٹوں میں 51ضروری اشیا کی قیمتوں کے رحجان کی بنیادپرکیا جاتاہے۔