اسلام آباد(پبلک نیوز) مریم نواز نے کہا ہے کہ وزیراعظم جنتر منتر اور جنات کے ذریعے ملک کی اہم ترین تقرریاں کرتے ہیں ، وزیرا عظم کی بجائے جب جنات تقرریاں کریں گے تو پھر دنیا میں ملک کا تماشاتو بنے گا ہی، یہ آئین و قانون کا مسئلہ نہیں ہے، یہ سب ایک شخص کا مسئلہ ہے، میں یہ یاد کرا دوں کہ آپ کو نوازشریف بننے کی کوشش بھی نہیں کرنی چاہیے، عمران خان آئینی وزیراعظم نہیں ہیں ، نوازشریف وزیراعظم ہاوس کی عزت کے لیے اپنی حکومتیں قربان کرتے رہے ہیں . نائب صدر پاکستان مسلم لیگ ن مریم نواز نے اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ووٹ کو عزت دینے کے لیے جلا وطنی اور قید برداشت کرنی پڑتی ہے، عمران خان کی سیاسی پہچان کیا ہے، ان کا سیاسی تشخص یہ ہے کہ انہوں نے 126 دن دھرنا دیا اور نواز شریف کا مینڈیٹ چھینا ، عمران خان کی پہچان یہ ہے کہ وہ سازش کرکے اوپر آئے، عمران خان نواز شریف بننے کی کوشش نہ کریں، شیر کی کھال پہننے سے کوئی شیر نہیں بن جاتا ہے، نااہلی اور نالائقی کے بعد عمران خان سیاسی شہید بننے کی کوشش نہ کریں ، عمران خان کو اپنی سازش کا جواب دینا پڑے گا، عمران خان کو پاکستان میں 22 کروڑ عوام کے اوپر مہنگائی کا عذاب لانے کا جواب دینا پڑے ، عمران خان کو پاکستان کو رسواء کرنے کا جواب دینا پڑے گا. نواز شریف کے ووٹکوعزت دینے کے نعرے کو اس لیے عزت ملی تھی کہ انہوں نے کارکردگی دکھائی تھی، عمران خان آئینی اور منتخب وزیراعظم نہیں ہے، وہ آئین کا مجرم ہے، ان کو جواب دینا ہو گا، مسلم لیگ ن کی جدوجہد عمران خان کے خلاف ہے، مسلم لیگ ن یہ جدوجہد کرے گی کہ اب کوئی بھی عمران خان کی طرح مہرہ بن کر نہ آئے.