نائیجیریا میں سیلاب سے ہونے والی تباہی سے اب تک 500 افراد ہلاک ہوگئے جب کہ لاکھوں بے گھر ہیں۔ غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق نائیجیریا میں سیلاب سے ملک کا بیشتر حصہ پانی میں ڈوبا ہوا ہے اور اب تک ہلاکتوں کی تعداد 500 ہوگئی ہے جب کہ 1500 سے زائد زخمی ہیں۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق نائیجیریا میں سیلاب سے 14 لاکھ افراد بے گھر ہوچکے ہیں اور تقریباً 8 لاکھ افراد نے اپنے علاقوں سے نقل مکانی کی ہے.حکام کا کہنا ہے کہ سیلاب کے نتیجے میں 45 ہزار سے زائد گھر مکمل طور پر تباہ اور 70 ہزار 500 سے زائد رقبے پر پھیلی زرعی زمین ناکارہ ہوچکی۔ نائیجریا کی وزارت انسانی حقوق نے بتایا ہے کہ نائیجیریا کو 2012 میں بھی بدترین سیلابی صورتحال کا سامنا کرنا پڑا تھا جس میں 363 افراد ہلاک ہوئے تھے۔