ویب ڈیسک: بھارتی طیارے میں بم کی اطلاع ملنے کے بعد تمام مسافر خوف میں مبتلا ہوگئے جس کی تحقیقات کا آغاز کردیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ ممبئی سے نیویارک جانے والی ایئر انڈیا کی پرواز کو بم کی اطلاع ملنے کے بعد دہلی ائیرپورٹ کی جانب موڑ دیا گیا۔
رپورٹ کے مطابق پرواز نے ممبئی کے چھترپتی شیواجی مہاراج بین الاقوامی ائیرپورٹ سے رات 2 بجے کے قریب اڑان بھری، جس کے فوراً بعد ایک ٹویٹ کے ذریعے بم کی دھمکی موصول ہوئی۔ اطلاع ملنے کے بعد حکومت کی سیکورٹی ریگولیٹری کمیٹی کی ہدایت پر پرواز کو دہلی کی جانب موڑ دیا گیا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق 14 اکتوبر کو ممبئی سے JFK چلانے والی پرواز AI119 کو ایک مخصوص سیکورٹی الرٹ موصول ہوا۔الرٹ کے بعد تمام مسافروں کو دہلی ائیرپورٹ ٹرمینل پر باحفاظت اتارا گیا۔
دہلی پولیس کا کہنا ہے کہ مسافروں اور عملے کی حفاظت کو یقینی بنانے کے لیے تمام معیاری حفاظتی پروٹوکول پر عمل کیا جا رہا ہے۔
مہاراشٹر کے ممبئی سے جدہ اور مسقط کے لیے پرواز کرنے والے انڈیگو کے دو طیاروں کو ٹیک آف سے قبل بم کی دھمکی ملی، جس سے فوری طور پر حفاظتی جانچ اور خطرے سے بچنے کے لیے دیگر اقدامات کیے گئے۔
موصولہ اطلاعات کے مطابق انڈیگو کی فلائٹ نمبر 6ای 1275 (ممبئی سے مسقط) اور فلائٹ نمبر 6ای 56 (ممبئی سے جدہ) میں بم رکھے جانے کی دھمکی ملی تھی اور دونوں طیاروں کو مکمل سیکیورٹی چیکنگ کے لیے الگ الگ علاقے میں لے جایا گیا۔
انڈیگو کے ترجمان نے کہا ’’اسٹینڈرڈ آپریٹنگ طریقہ کار کے بعد لازمی سیکورٹی جانچ فوری طور پر شروع کی گئی ۔‘‘
ترجمان نے کہا کہ ایئر لائن تمام مسافروں اور عملے کے ارکان کی حفاظت کو یقینی بنانے کے لیے سیکیورٹی افسران کے ساتھ مل کر کام کر رہی ہے۔