اسلام آباد( ویب ڈیسک ) پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائن کے فضائی بیڑے میں 2مزید ایئر بس 320 طیاروں کا اضافہ کیا گیا ہے جن میں سے ایک طیارہ پاکستان پہنچ گیا ہے، پی آئی اے نے 2 طیارے لیز پر حاصل کئے ہیں جنہیں ٹینڈر کے ذریعے پی آئی کے فضائی بیڑے کا حصہ بنایا گیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق دونوں ایئر بس 320 طیارے جدید ساخت اور 2017 ماڈل کے ہیں ، ان دونوں طیاروں کو پاکستان کے فضائی بیڑے میں شامل ہونے میں تاخیرہوئی کیونکہ مہلک کورونا وائرس اور عالمی ہوا بازی کے مخدوش حالات کا سامنا تھا، یہ طیارے پرانے طیاروں کی جگہ لیں گے ۔ پی آئی اے کے چیف ایگزیکٹو ارشد خان کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ نئے طیاروں کا حصول اللہ کی مہربانی اور میری ٹیم کی کاوشوں سے عمل میں آیا ہے، پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائن کا مستقبل روشن ہے۔