منی بجٹ پیش: لگژری آئٹم پر ٹیکس 17 فیصد سے25 فیصد کردیا گیا

منی بجٹ پیش: لگژری آئٹم پر ٹیکس 17 فیصد سے25 فیصد کردیا گیا
اسلام آباد: وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر اسحاق ڈار نے فنانس بل 2023 قومی اسمبلی میں پیش کر دیا۔ اسپیکرراجہ پرویزاشرف کی زیرصدارت قومی اسمبلی کااجلاس ہوا۔ وزیرخزانہ اسحاق ڈار نے قومی اسمبلی میں منی بجٹ پیش کردیا۔ قومی اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے کہا کہ منی بجٹ پر ایوان کو اعتماد میں لینا چاہتا ہوں، پی ٹی آئی کے 4سالوں میں ملکی قرضوں میں ہوشربااضافہ ہوا، پی ٹی آئی دور میں ناقص پالیسیوں کی وجہ سے 26ارب ڈالرکاقرضہ بڑھا، ن لیگ دور میں جی ڈی پی میں 112ارب ڈالرکااضافہ ہوا، معاشی تنزلی کی وجوہات جاننے کیلئےقومی کمیشن تشکیل دیا جائے، 2018میں مسلم لیگ ن کے دور میں معیشت ترقی کررہی تھی۔ اسحاق ڈار نے کہا کہ آئی ایم ایف معاہدہ کسی حکومت کا نہیں بلکہ ریاست کامعاہدہ ہوتا ہے، پی ٹی آئی حکومت کی وجہ سے معیشت کمزور ہوئی، 2018میں ن لیگ دور میں پاکستان دنیا کی 24ویں معیشت بن چکا تھا۔انہوں نے کہا کہ بینظیر انکم اسپورٹ پروگرام کیلئے 40ارب روپے مزید مختص کیے جارہے ہیں، بینظیر انکم اسپورٹ پروگرام کابجٹ 360ارب سے بڑھا کر400ارب روپ کیاجارہا ہے، کسان پیکج میں جون 2023تک کیلئے1819ارب روپے رکھے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ فضائی ٹیکس پر بھی ایڈوانس ٹیکس عائدکیاجارہا ہے، لگژری آئٹم پر ٹیکس 17 فیصد سے25 فیصد کردیا گیا، ایئرٹکٹ پر 20 فیصد ٹیکس لگایا گیا ہے، شادی ہالز کی تقریبات کے بلوں پر 10 فیصد ٹیکس عائد کرنے کی تجویز ہے جبکہ سگریٹ اور مشروبات پر فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی کی شرح میں اضافے کی بھی تجویز ہے۔سیمنٹ پر فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی 2روپے فی کلوگرام کردی گئی، موبائل فونز پر بھی ٹیکس میں اضافے کی تجویز شامل ہے۔ اسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ ہم نے عمران خان کی حکومت کے آئی ایم ایف سے کیے وعدوں کو نبھایا ہے، ہم اس سب کی بہت بڑی سیاسی قیمت ادا کر رہے ہیں، ہم سمجھتے ہیں سیاست نہیں ریاست اہم ہے، کوشش ہے ایسے ٹیکس لگائے جائیں کہ عام آدمی کو مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف جلد مالیاتی ضمنی بل پر قوم کو اعتماد میں لیں گے، وزیراعظم اور کابینہ اپنے اخراجات کو کم کرنے کا پلان دے گی۔ وزیر خزانہ کا کہنا تھا کہ ابتدائی طور پر معاشی رفتار سست ہوگی مگر بعد میں چار فیصد تک جائے گی، ادویات، پیٹرولیم، اسپورٹس کی ایل سی کھولنے کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے، محصولات کا 170 ارب موجودہ اور پچھلا ٹارگیٹ پورا کیا جائے گا۔

Watch Live Public News

ایڈیٹر

احمد علی کیف نے یونیورسٹی آف لاہور سے ایم فل کی ڈگری حاصل کر رکھی ہے۔ پبلک نیوز کا حصہ بننے سے قبل 24 نیوز اور سٹی 42 کا بطور ویب کانٹینٹ ٹیم لیڈ حصہ رہ چکے ہیں۔