پاکستان مسلم لیگ (ن) پنجاب کے صدر رانا ثناء اللہ کا وزیر داخلہ شیخ رشید کے بیان کو کھسیانی بلی کھمبا نوچے قرار دے دیا .
رانا ثناء اللہ کا کہنا تھا کہ مری سانحہ کے بارے میں شیخ رشید کا بیان عمران خان کے لئے خطرے کی گھنٹی ہے ، عمران خان کا چپڑاسی ہی عمران خان کی سیاسی قبر کھودے گا انشاءاللہ ، سیاسی یتیموں کی چیخیں نکلنے لگ گئی ہیں عمران خان کے جانے کا وقت ہوا جاتا ہے ، کرائے کے ترجمان اب پریس کانفرنس صرف نواز شریف اور شہباز شریف کا نام لینے کے لئے کرتے ہیں .
انہوں نے کہا عمران خان صرف عوام کے لئے ڈراؤنا خواب ہے اور آٹا چینی دوائی چوروں کے لئے سہانا خواب ہے ، بیوروکریسی کی بہت ٹرانسفر ہوگئی، اب عمران نیازی کی ٹرانسفر ہونے والی ہے ، عمران نیازی کی حکومت نہ ہوتی تو معصوم 23 اموات بھی نہ ہوتیں، 23 بے گناہوں کے قاتل 35 اموات کی دھمکیاں دے کر شہید ہونے والوں کی توہین کر رہے ہیں ، سیاسی یتیم کا مری شہدا کی توہین پر مبنی بیان زیادتی، سنگ دلی اور افسوسناک ہے، جن سے شہباز شریف کی لائی ہوئی صاف کرنے والی مشینیں نہیں چلتیں وہ صرف زبان چلانا جانتے ہیں .
لیگی رہنماء کا یہ بھی کہنا تھا کہ نوازشریف اور شہباز شریف سے گھبراہٹ صاف نظر آرہی ہے، شیخ رشید کی کالی عینک کی طرح اس کا سیاسی مستقبل بھی سیاہ ہوچکا ہے.