کراچی میں قومی اسمبلی کی نشست این اے 240 کورنگی 2 میں ہونے والے ضمنی انتخاب کے لیے پولنگ کا وقت ختم ہونے کے بعد غیر حتمی و غیر سرکاری نتائج آنے کا سلسلہ جاری ہے۔ این اے 240 کورنگی کراچی 2 کے ضمنی الیکشن کے اب تک 300پولنگ اسٹیشنز کے غیر سرکاری نتائج آچکے ہیں جس کے مطابق تحریک لبیک پاکستان (ٹی ایل پی) کے شہزادہ شہباز 10296 ووٹلیکر پہلے نمبر پر ہیں جبکہ متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان کے محمد ابوکر 10261 ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر ہیں. حلقے میں پولنگ کا عمل صبح 8 بجے سے شام 5 بجے تک بلاتعطل جاری رہا۔مقررہ وقت ختم ہونے کے بعد پولنگ اسٹیشن کے اندر موجود ووٹرز کو ووٹ ڈالنے کی اجازت تھی۔ ریجنل الیکشن آفیسر ندیم احمد نے کہا تھا کہ پولنگ کے وقت میں اضافہ نہیں کیا جارہا۔انہوں نے کہا تھا کہ کچھ پولنگ اسٹیشن پر پریزائیڈنگ افسران پر بھی تشدد کیا گیا۔ اس سے قبل لانڈھی نمبر 6 میں دوسیاسی جماعتوں میں تصادم کا واقعہ پیش آیا،اس کے علاوہ مختلف مقامات پر فائرنگ کے واقعات بھی سامنے آئے ہیں ۔پولنگ کے دوران گورنمنٹ بوائزپرائمری اسکول انصاری محلہ یوسی 2 لانڈھی میں دو سیاسی جماعتوں میں تصادم ہوا، سیاسی جماعت کے کارکنوں کو منتشر کرنےکے لیے پولیس نے لاٹھی چارج کیا، جھگڑےکے باعث متعدد سیاسی کارکن زخمی ہوگئے۔ جناح اسپتال انتظامیہ کا کہنا ہے کہ 4 زخمی لائے گئے تھے جن میں سے ایک زخمی دوران علاج دم توڑ گیا، جاں بحق شخص کی شناخت 60 سال کے سیف اللہ کے نام سے ہوئی ہے. ضمنی انتخاب کے دوران پی ایس پی کے رہنما انیس قائم خانی کی گاڑی پر فائرنگ کا واقعہ پیش آیا ہے،فائرنگ کے وقت انیس قائم خانی گاڑی میں موجود نہیں تھے۔ انیس قائم خانی کی گاڑی کے ساتھ چلنے والی پولیس موبائل پر بھی گولی لگی۔انیس قائم خانی کا کہنا ہے کہ 4 سے 5 لوگوں نے فائرنگ کی،گاڑی پر 4 گولیاں لگیں ۔ دوسری جانب وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کراچی کے حلقہ این اے 240 پر فائرنگ اور تشدد کا نوٹس لے لیا ہے .وزیر اعلی سندھ نے آئی جی کو ہدایت کی ہے کہ کسی کو بھی قانون ہاتھ میں اٹھانے کی اجازت نہ دیں،الیکشن کا ماحول پرامن رکھا جائے، جو قانون ہاتھ میں لے اس سے سختی سے نمٹا جائے. وزیراعلی سندھ نے الیکشن میں حصہ لینے والے تمام سیاسی جماعتوں کو پرامن رہنے کی ہدایت کی ہے، وزیر اعلی سندھ مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ ہم سیاسی لوگ ہیں، ہمیں پرامن اور ذمہ داری کا مظاہرہ کرنا چاہئے. خیال رہے کہ این اے 240 میں 203 پولنگ اسٹیشن انتہائی حساس جبکہ 106 پولنگ حساس قرار دئیے گئے تھے. اس حلقے میں کوئی پولنگ سٹیشن نارمل نہیں تھا. اس علاقے میں مجموعی طور پر 309 پولنگ سٹیشنز ہیں۔واضح رہے کہ یہ نشست ایم کیوایم پاکستان کےاقبال محمدعلی خان کےانتقال پرخالی ہوئی تھی۔