لاہور ( پبلک نیوز) پی ایس ایل6 کے بقایا میچز اب یو اے ای میں ہوں گے اور اس سلسلہ میں قومی کھلاڑی خصوصی پرواز کے ذریعے 22 مئی کو یو اے ای روانہ ہوں گے۔ذرائع کے مطابق قومی کھلاڑیوں کی پی ایس ایل میچز میں پرکت کیلئے 22 مئی کو یو اے ای روانگی متوقع ہے ٗ کورونا ایس او پیز کے باعث تمام قومی کھلاڑی خصوصی پرواز سے متحدہ عرب امارات روانہ ہونگے، کھلاڑیوں کے ساتھ سپورٹنگ سٹاف بھی خصوصی پرواز میں روانہ ہوگا۔پی ایس ایل میں شرکت کے لئے غیر ملکی کھلاڑیوں کو بھی 22 مئی سے یو اے ای پہنچنے کی ہدایت کردی گئی، یو اے ای پہنچنے پر تمام کھلاڑیوں کے ایک ہی ہوٹل میں کورونا ٹیسٹ ہونگے، پی ایس ایل کے میچز ایک ہی وینیو پر ہونے کے باعث ڈبل ہیڈر میچ ڈے کی تعداد بڑھائی جاسکتی ہے۔پی سی بی نے یو اے ای کرکٹ بورڈ سے مشاورت کے بعد اپنی تیاریاں جاری رکھی ہوئی ہیں، یو اے ای کرکٹ بورڈ کو اپنی حکومت سے اجازت درکار ہے جس کے بعد پی ایس ایل کا حتمی شیڈول جاری کیا جائیگا، اجازت نہ ملی تو کراچی کو بطور بیک اپ آپشن استعمال کیا جاسکتا ہے۔