شاہ محمود قریشی کے اعزاز میں پاکستان بزنس کونسل دبئی کی جانب سے افطار ڈنر

شاہ محمود قریشی کے اعزاز میں پاکستان بزنس کونسل دبئی کی جانب سے افطار ڈنر

دبئی (پبلک نیوز) وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کے اعزاز میں پاکستان بزنس کونسل دبئی کے زیر اہتمام افطار ڈنر کا اہتمام، پاکستان بزنس کونسل دوبئی کے صدر اور دیگر عہدیداروں نے وزیر خارجہ کا پرتپاک خیر مقدم کیا اور انہیں خوش آمدید کہا۔

اس موقع پر وزیر خارجہ نے پاکستان بزنس کونسل دبئی سے وابستہ کاروباری شخصیات کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان معاشی سفارت کاری کو بروئے کار لاتے ہوئے دنیا کی توجہ پاکستان میں میسّر کثیر کاروباری مواقعوں کی طرف مبذول کروا رہا ہے۔ قابلِ مسرت بات یہ ہے کہ کرونا عالمی وبائی صورتحال کے باوجود معاشی سفارت کاری کے مثبت نتائج سامنے آ رہے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ یو اے ای کیساتھ ہمارے دو طرفہ کثیرالجہتی، تجارتی تعلقات میں روز بروز بہتری آ رہی ہے۔ میرے اس دورے کا بنیادی مقصد پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے درمیان، کثیرالجہتی شعبہ جات میں دو طرفہ تجارتی روابط اور تعاون کا فروغ ہے۔ مجھے خوشی ہے کہ پاکستانیوں کی ایک کثیر تعداد متحدہ عرب امارات میں مقیم ہے اور اپنی محنت اور لگن سے یہاں کی تعمیر و ترقی میں اپنا مثبت کردار ادا کر رہی ہے۔

شاہ محمود قریشی نے مزید کہا کہ بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی فلاح و بہبود اور ان کے مسائل کا ترجیحی بنیادوں پر حل ہماری حکومت کی اہم ترجیحات میں شامل ہے۔ وزیر خارجہ نے پرتپاک خیر مقدم اور افطار ڈنر کے انعقاد پر منتظمین کا شکریہ ادا کیا۔ متحدہ عرب امارات میں پاکستان کے سفیر افضال محمود، قونصل جنرل دوبئی، احمد امجد علی اور سفارتخانے کے سینئر افسران بھی اس عشائیہ میں شریک تھے۔

Watch Live Public News

شازیہ بشیر نےلاہور کالج فار ویمن یونیورسٹی سے ایم فل کی ڈگری کر رکھی ہے۔ پبلک نیوز کا حصہ بننے سے قبل 42 نیوز اور سٹی42 میں بطور کانٹینٹ رائٹر کام کر چکی ہیں۔