اسلام آباد: وزیر اعظم شہباز شریف نے بھارتی وزیر اعظم نریندرمودی کو جوابی خط میں کہا ہے کہ پاکستان مسئلہ کشمیر سمیت تمام مسائل کا حل چاہتا ہے۔ تفصیلات کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف کی جانب سے بھارتی ہم منصب نریندر مودی کو جوابی خط لکھا ہے۔ جوابی خط میں وزیراعظم شہبازشریف نے کہا کہ پاکستان مسئلہ کشمیر سمیت تمام مسائل کا حل چاہتا ہے اور انڈیا کے ساتھ پُرامن تعلقات کا خواہاں ہے۔ خیال رہے کہ بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی نے پاکستانی ہم منصب کو مبارکباد کا خط لکھا تھا۔جس میں پاکستان سےتعمیری تعلقات کی خواہش کا اظہار کیا تھا۔ چند دن قبل بھارتی وزیراعظم نے وزیراعظم منتخب ہونے پر شہباز شریف کو مبارک باد پیش کی تھی،ان کا کہنا تھا کہ بھارت کی خواہش ہے کہ خطے میں امن اوراستحکام ہو تاکہ ہم ترقیاتی چیلنجزاور لوگوں کی فلاح وبہبود پرتوجہ مرکوز کر سکیں۔ جوابی ٹوئٹ پر وزیر اعظم پاکستان نے بھارتی وزیر اعظم کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ پاکستان بھارت سےامن اور باہمی تعاون پر مبنی تعلقات کا خواہا ں ہے۔مقبوضہ جموں و کشمیر سمیت باقی تنازعات کا پرامن حل ناگزیر ہے، آئیے امن قائم کریں اور اپنے لوگوں کی سماجی و اقتصادی ترقی پر توجہ دیں۔